قومی

سندھ حکومت کا جمعۃ الوداع پر عام تعطیل کا اعلان

جمعۃ الوداع کے موقع پر صوبہ بھر میں تعطیل، شارع فیصل پر ریلی نکالنے کی اجازت نہیں ہوگی

سندھ حکومت نے جمعۃ الوداع کے موقع پر صوبہ بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کے مطابق حکومت نے یہ فیصلہ مذہبی اجتماعات اور عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ جمعۃ الوداع کے دن مختلف شہروں میں مذہبی سرگرمیاں اور ریلیاں منعقد ہوتی ہیں، اسی وجہ سے حکومت نے تعطیل کا اعلان کیا تاکہ شہری آسانی سے ان تقریبات میں شرکت کر سکیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی کی ایک اہم شاہراہ کو آیت اللہ علی خامنہ ای کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے اور اس حوالے سے انتظامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیر بلدیات سندھ نے واضح کیا کہ جمعۃ الوداع کے موقع پر کراچی کی مصروف شاہراہ شارع فیصل پر کسی بھی تنظیم کو ریلی نکالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کے مطابق سیکیورٹی اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ تمام مذہبی اور سماجی تنظیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جمعۃ الوداع کے دن اپنے روایتی اور مقررہ راستوں پر ہی ریلیاں نکالیں۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔

یاد رہے کہ آج یومِ علیؓ کے موقع پر ملک بھر کے مختلف شہروں میں جلوس برآمد ہوئے۔ کراچی میں بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جبکہ صدر کے علاقے اور اس کے اطراف کی متعدد سڑکوں اور گلیوں کو کنٹینرز رکھ کر بند کر دیا گیا تاکہ جلوس کے راستوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

انتظامیہ کے مطابق شہر بھر میں سیکیورٹی ادارے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button