قومی

پنجاب میں سرکاری تنصیبات کی چوری پر سخت سزائیں، آرڈیننس جاری

قید اور بھاری جرمانے کا نفاذ: مین ہول کورز، اسٹریٹ لائٹس اور حفاظتی تنصیبات شامل

پنجاب حکومت نے شہری سہولیات کی حفاظت کے لیے سخت اقدام اٹھاتے ہوئے پنجاب پبلک یوٹیلٹیز انفراسٹرکچر پروٹیکشن آرڈیننس 2026 جاری کر دیا ہے۔ اب سرکاری تنصیبات کو نقصان پہنچانے یا چوری کرنے والے افراد کو قید اور بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے ترجمان کے مطابق نئے آرڈیننس کے تحت مین ہول کورز، اسٹریٹ لائٹس، حفاظتی باڑ اور دیگر سرکاری تنصیبات اب قوانین کی دائرہ کار میں شامل ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ آرڈیننس کے نفاذ سے شہری علاقوں میں سہولیات کی حفاظت میں اضافہ ہوگا اور چوری یا نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ممکن ہوگی۔

آرڈیننس کے مطابق سرکاری تنصیبات کی چوری پر 1 سے 3 سال قید اور 2 سے 30 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اگر کوئی شخص بغیر اجازت کسی تنصیب کو اتارے یا خرید و فروخت کرے تو اسے بھی 1 سے 3 سال قید اور 5 سے 30 لاکھ روپے جرمانہ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

محکمہ ہاؤسنگ کے ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری تنصیبات کی حفاظت کریں اور کسی بھی غیر قانونی کارروائی سے اجتناب کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ قوانین شہری زندگی کی حفاظت اور بنیادی سہولیات کی برقرار رکھنے کے لیے بنائے گئے ہیں۔

رپورٹ: عبدالمومن

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button