قومی

سندھ صوفیوں کی دھرتی ہے، نفرت انگیز بیانات ناقابلِ قبول ہیں: شرجیل انعام میمن

سندھ اسمبلی میں اظہارِ خیال، گورنر ہاؤس کی تقریب میں لسانی تعصب پر مبنی گفتگو کی مذمت، کراچی کے امن کو لاحق خطرات پر تشویش

سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ صوفیوں کی دھرتی اور امن و محبت کی سرزمین ہے جہاں صدیوں سے برداشت، رواداری اور بھائی چارے کی روایت قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے نے ہمیشہ مختلف زبانوں، ثقافتوں اور برادریوں کو اپنے دامن میں سمیٹا ہے اور یہی اس کی اصل پہچان ہے۔

سندھ اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چند روز قبل کراچی میں گورنر ہاؤس کراچی میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں جس انداز سے الفاظ اور خیالات کا انتخاب کیا گیا، وہ نہایت افسوسناک تھا۔ ان کے مطابق تقریب میں بعض مقررین کی جانب سے نفرت انگیز اور لسانی تعصب پر مبنی گفتگو کی گئی، جس کی وہ اور ان کی جماعت شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

سینئر وزیر نے کہا کہ کراچی ماضی میں لسانی کشیدگی، نفرت اور سیاسی تصادم کے تلخ تجربات سے گزر چکا ہے۔ ایسے بیانات اور اشتعال انگیز طرزِ گفتگو پہلے بھی شہر کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں اس نوعیت کی باتیں کرنا شہر کے امن و امان اور سماجی ہم آہنگی کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تقریب میں نہ صرف تعصب پر مبنی خیالات کا اظہار کیا گیا بلکہ بعض ریاستی اداروں پر بھی نامناسب تنقید کی گئی۔ ان کے مطابق گورنر ہاؤس جیسے آئینی اور باوقار مقام پر ایسی گفتگو کسی صورت مناسب نہیں اور اس سے اداروں کے وقار اور عوامی اعتماد کو ٹھیس پہنچ سکتی ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایسے مقامات پر بیٹھ کر تقسیم اور تعصب کا پیغام دینا دراصل اس ماحول کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوشش ہے جسے کراچی پہلے ہی بھگت چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس طرح کے طرزِ اظہار کی کسی صورت گنجائش نہیں ہونی چاہیے اور تمام سیاسی جماعتوں اور نمائندوں کو ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تقریب اور اس میں کی گئی گفتگو شہر کے امن، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کے خلاف تھی۔ مزید برآں، ایک منتخب نمائندے کی جانب سے اپنی ہی جماعت کے دوسرے نمائندے کے لیے اس نوعیت کا بیان سامنے آنا تشویش کا باعث ہے، جو سیاسی سنجیدگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کراچی کی ترقی اور استحکام کے لیے ضروری ہے کہ نفرت اور تعصب کی سیاست سے مکمل اجتناب کیا جائے اور اتحاد، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دیا جائے۔

مزید پڑھیں nhnews.pk

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button