قومی

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج پشاور میں، کیا کل پہلا روزہ ہوگا؟

چاند کی عمر 25 گھنٹے سے زائد، آنکھ سے رویت کا امکان؛ حتمی اعلان مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے

رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس آج پشاور میں منعقد ہوگا، جہاں ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں اور سائنسی ڈیٹا کی روشنی میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا کہ پہلا روزہ کب ہوگا۔

اسپارکو کے ترجمان کے مطابق نئے چاند کی پیدائش ہوچکی ہے اور آج غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 25 گھنٹے 48 منٹ ہوگی، جو فلکیاتی اعتبار سے رویت کے لیے موزوں سمجھی جاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق موسم صاف ہونے کی صورت میں چاند آنکھ سے نظر آنے کا قوی امکان ہے، تاہم حتمی فیصلہ شہادتوں کی بنیاد پر ہی کیا جائے گا۔

اجلاس کے بعد رمضان المبارک کے چاند کی رویت کا باضابطہ اعلان چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔ ان کے اعلان کے بعد ہی ملک بھر میں پہلا روزہ رکھنے یا 30 شعبان مکمل کرنے کا فیصلہ ہوگا۔

دوسری جانب سعودی عرب سمیت متعدد عرب ممالک میں آج پہلا روزہ رکھا جا چکا ہے۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں پہلی تراویح ادا کی گئی جہاں ہزاروں نمازیوں اور زائرین نے شرکت کی۔ روح پرور مناظر میں دنیا بھر سے آئے مسلمانوں نے ماہِ رمضان کی آمد پر شکرانے کے نوافل ادا کیے اور مغفرت و رحمت کی دعائیں مانگیں۔

پاکستان میں بھی رمضان المبارک کے آغاز کے حوالے سے عوام میں بے چینی اور جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ بازاروں میں رش بڑھ چکا ہے جبکہ مساجد میں خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اب سب کی نظریں پشاور میں ہونے والے اجلاس اور حتمی اعلان پر مرکوز ہیں کہ آیا کل سے ملک بھر میں رمضان المبارک کا آغاز ہوگا یا نہیں۔

رپورٹ: عبدالمومن

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button