ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کا حملہ، 2 اہلکار شہید
یارک انٹرچینج کے قریب کسٹم آفس اور پولیس پر فائرنگ، گاڑیاں نذرِ آتش، دو اہلکار زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں یارک انٹرچینج کے قریب نامعلوم دہشت گردوں نے کسٹم آفس اور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے اس واقعے کے نتیجے میں دو اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہوگئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق دہشت گردوں نے اچانک حملہ کرتے ہوئے کسٹم آفس اور پولیس کی موجودگی پر شدید فائرنگ کی۔ حملے کے نتیجے میں کسٹم اہلکار اسرار خان اور پولیس اہلکار محمد بلال جامِ شہادت نوش کر گئے۔ زخمی ہونے والے دو اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
حملہ آوروں نے کارروائی کے دوران کسٹم کی دو سرکاری گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی، جبکہ موقع پر موجود مسافر بسوں پر بھی فائرنگ کی گئی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کی آوازوں سے شہریوں میں شدید خوف پایا گیا اور ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔
پولیس نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی جس کے بعد دہشت گرد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور دہشت گردوں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
رپورٹ: عبدالمومن



