بارش نے آسٹریلیا کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، کینگروز عالمی کپ سے باہر، زمبابوے سپر 8 میں پہنچ گیا
زمبابوے اور آئرلینڈ کا اہم میچ بارش کی نذر، ایک پوائنٹ نے زمبابوے کو اگلے مرحلے تک پہنچا دیا جبکہ آسٹریلیا کی مہم ختم ہوگئی

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں زمبابوے اور آئرلینڈ کرکٹ ٹیم کے درمیان شیڈول 32واں میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ مل گیا۔ یہ ایک پوائنٹ زمبابوے کے لیے انتہائی قیمتی ثابت ہوا اور وہ سپر 8 مرحلے میں رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا، جبکہ آسٹریلیا کرکٹ ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔
یہ میچ سری لنکا کے شہر کینڈی میں واقع پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا، تاہم مسلسل بارش کے باعث ٹاس بھی ممکن نہ ہوسکا اور امپائرز نے میچ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔ قوانین کے مطابق میچ منسوخ ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔
زمبابوے کو سپر 8 مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے صرف ایک پوائنٹ درکار تھا، اور اب تین میچوں کے بعد اس کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد پانچ ہوگئی ہے، جس نے اسے گروپ بی سے اگلے مرحلے تک پہنچا دیا۔ دوسری جانب آسٹریلیا تین میچوں میں دو شکستوں کے بعد صرف دو پوائنٹس حاصل کرسکی اور یوں اس کی ٹورنامنٹ میں پیش قدمی رک گئی۔
گروپ بی سے سری لنکا کرکٹ ٹیم پہلے ہی سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے۔ سری لنکا نے اپنے گزشتہ میچ میں آسٹریلیا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر چھ پوائنٹس کے ساتھ اپنی پوزیشن مستحکم کی تھی۔
یاد رہے کہ زمبابوے نے اس سے قبل بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 23 رنز سے شکست دی تھی، جس نے گروپ کی صورتحال کو پیچیدہ بنا دیا تھا۔ اسی شکست نے بالآخر آسٹریلیا کے لیے مشکلات پیدا کیں اور بارش سے منسوخ میچ نے اس کی امیدوں پر آخری ضرب لگادی۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ 2021 میں ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ جیتنے کے بعد یہ مسلسل تیسرا موقع ہے کہ آسٹریلیا سیمی فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے، جو اس کی حالیہ کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
رپورٹ: عبدالمومن



