قومیویڈیوز

سندھ حکومت کی تنقید: کیا کے پی میں سڑکیں بند کر کے عوام کو مشکلات میں ڈالا جا رہا ہے؟

ناصر حسین شاہ کا سخت بیان، بانی پی ٹی آئی کے علاج، صدر زرداری کی قید اور احتجاجی سیاست پر کھل کر اظہار خیال

وزیر بلدیات، ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا واحد صوبہ ہے جہاں صوبائی حکومت خود سڑکیں اور راستے بند کر کے اپنے ہی عوام کے لیے مشکلات پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کے نام پر پورے صوبے کو مفلوج کرنا کسی صورت عوام کے مفاد میں نہیں۔

یہ بات انہوں نے سکھر میں ایک نجی فلاحی اسپتال کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ناصر شاہ نے بانی پی ٹی آئی کے علاج سے متعلق سوال پر کہا کہ علاج ہر شہری کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ڈاکٹروں نے ضروری سمجھا تو انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، اس معاملے کو غیر ضروری طور پر بڑھایا گیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ناصر شاہ نے کہا کہ صدر زرداری نے 14 سال قید کاٹی اور ملک کی شاید ہی کوئی جیل ہو جہاں انہیں منتقل نہ کیا گیا ہو۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دورانِ قید انہیں تشدد کا سامنا بھی کرنا پڑا، جبکہ موجودہ صورتحال ایک مختصر دورانیہ ہے جس کا موازنہ طویل اور کٹھن قید سے نہیں کیا جا سکتا۔

ایک صحافی کے سوال پر کہ کیا عمران خان کسی ڈیل کے تحت ملک سے باہر جا سکتے ہیں؟ ناصر شاہ نے جواب دیا: “یہاں سب کچھ ممکن ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں ریڈ زون میں داخلے یا بڑی شاہراہیں بند کر کے احتجاج کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ میڈیا ہر بات رپورٹ کرتا ہے، اس لیے اگر احتجاج کرنا ہے تو پریس کلب کے سامنے کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں احتجاج کی وجہ سے پورا صوبہ بند ہے جس سے عام شہری اور تاجر برادری شدید متاثر ہو رہی ہے، اور مسائل عوام کو تکلیف دے کر حل نہیں کیے جا سکتے۔

صحت کے شعبے پر گفتگو کرتے ہوئے ناصر شاہ نے کہا کہ سندھ میں طبی سہولیات سب کے سامنے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر پنجاب میں بھی دو بڑے اسپتال تعمیر کیے جا رہے ہیں جبکہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھی اسپتال بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پورے ملک سے لوگ علاج کے لیے سندھ آتے ہیں اور ان کی خدمت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

  • رپورٹ: عبدالمومن

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button