ہزارہ

کیپرا کی جانب سے سبکدوش ہونے والی ڈائریکٹر جنرل فوزیہ اقبال کے اعزاز میں الوداعی تقریب

محترمہ فوزیہ اقبال کے دورِ قیادت میں ادارہ جاتی اصلاحات، ریونیو اہداف سے بڑھ کر وصولیاں اور افسران کی فلاح و بہبود کو سراہا گیا

خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) کی جانب سے بدھ کے روز سبکدوش ہونے والی ڈائریکٹر جنرل کیپرا محترمہ فوزیہ اقبال کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر محترمہ فوزیہ اقبال کی قیادت میں کیپرا کی مجموعی کارکردگی، ادارہ جاتی ترقی، شفاف نظامِ ٹیکس، مقررہ اہداف کے مؤثر حصول اور افسران و ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے انجام دی گئی خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا گیا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

الوداعی تقریب افتخار قطب میموریل ہال میں منعقد ہوئی، جس میں نو تعینات ڈائریکٹر جنرل کیپرا محترمہ ارم ناز، کلکٹر سیلز ٹیکس آن سروسز سید کاظم حسین شاہ، ایڈوائزر ٹیکس انفورسمنٹ فضل امین شاہ، ڈائریکٹرز، ایڈیشنل کلکٹرز اور کیپرا کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ تقریب میں کیپرا کے مختلف شعبہ جات کی نمائندگی کرتے ہوئے افسران نے محترمہ فوزیہ اقبال کی خدمات پر اظہارِ خیال کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نو تعینات ڈائریکٹر جنرل کیپرا محترمہ ارم ناز نے سبکدوش ہونے والی ڈی جی محترمہ فوزیہ اقبال کی شرکت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ نہایت خوشگوار اور سیکھنے سے بھرپور رہا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ فوزیہ اقبال کی پیشہ ورانہ بصیرت، فیصلہ سازی اور انتظامی صلاحیتیں ادارے کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی اور ان سے حاصل ہونے والا تجربہ ان کی عملی زندگی میں ہمیشہ کام آئے گا۔

کلکٹر سیلز ٹیکس آن سروسز سید کاظم حسین شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ محترمہ فوزیہ اقبال کے دورِ قیادت میں کیپرا نے ٹیکس نیٹ میں توسیع، نظام کی ڈیجیٹائزیشن اور ریونیو وصولیوں میں نمایاں بہتری حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قیادت میں ادارے نے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ اہداف سے بڑھ کر محاصل جمع کیے جو ایک اہم سنگِ میل ہے۔

دیگر مقررین نے محترمہ فوزیہ اقبال کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قواعد و ضوابط کی تیاری اور ان میں بروقت ترامیم، شفاف ٹیکس نظام کے فروغ، اور افسران و عملے کی پیشہ ورانہ فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ محترمہ فوزیہ اقبال کی قیادت نے کیپرا کو ایک مضبوط، مؤثر اور جدید ادارہ بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

اس موقع پر محترمہ فوزیہ اقبال نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کیپرا کے افسران اور عملے کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے بھرپور تعاون اور اجتماعی کوششوں کے باعث ادارہ اپنے اہداف کے حصول میں کامیاب رہا۔ انہوں نے الوداعی تقریب کے انعقاد پر نو تعینات ڈائریکٹر جنرل محترمہ ارم ناز اور کیپرا انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کیپرا میں گزارا گیا وقت ان کے لیے سیکھنے اور عملی تجربے کا ایک قیمتی سفر رہا، جس کی خوشگوار یادیں وہ ہمیشہ اپنے ساتھ رکھیں گی۔

تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل کیپرا اور سینئر افسران کی جانب سے محترمہ فوزیہ اقبال کو یادگاری شیلڈز اور سووینئر پیش کیے گئے اور ان کی خدمات کے اعتراف میں نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button