ہزارہ

کیپرا کی جانب سے سبکدوش ہونے والی ڈائریکٹر جنرل فوزیہ اقبال کے اعزاز میں الوداعی تقریب

پشاور: خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) کی جانب سے بدھ کے روز سبکدوش ہونے والی ڈائریکٹر جنرل کیپرا محترمہ فوزیہ اقبال کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کے دوران محترمہ فوزیہ اقبال کے دورِ قیادت میں کیپرا کی مجموعی کارکردگی، ادارہ جاتی ترقی، مقررہ اہداف کے مؤثر حصول اور افسران و ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے انجام دی گئی خدمات کو سراہا گیا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
الوداعی تقریب افتخار قطب میموریل ہال میں منعقد ہوئی، جس میں نو تعینات ڈائریکٹر جنرل کیپرا محترمہ ارم ناز، کلکٹر سیلز ٹیکس آن سروسز سید کاظم حسین شاہ، ایڈوائزر ٹیکس انفورسمنٹ فضل امین شاہ، ڈائریکٹرز، ایڈیشنل کلکٹرز اور کیپرا کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل کیپرا محترمہ ارم ناز نے سبکدوش ہونے والی ڈی جی محترمہ فوزیہ اقبال کا تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ نہایت خوشگوار رہا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ فوزیہ اقبال سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، جو ان کی پیشہ ورانہ زندگی میں ہمیشہ کام آئے گا۔
کلکٹر سیلز ٹیکس آن سروسز سید کاظم حسین شاہ نے بھی محترمہ فوزیہ اقبال کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے دورِ قیادت میں کیپرا نے مختلف شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی۔ دیگر افسران نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے محترمہ فوزیہ اقبال کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، کیپرا کے لیے قواعد و ضوابط کی تیاری اور ان میں ضروری ترامیم، حکومت کی جانب سے مقرر کردہ ریونیو اہداف سے بڑھ کر محاصل کے حصول، اور افسران و عملے کی پیشہ ورانہ فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر محترمہ فوزیہ اقبال نے کیپرا افسران کی پیشہ ورانہ مہارت، محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے بھرپور تعاون کے باعث ادارہ اپنے اہداف کے حصول میں کامیاب رہا۔ انہوں نے الوداعی تقریب کے انعقاد پر ڈائریکٹر جنرل کیپرا محترمہ ارم ناز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کیپرا میں گزارا گیا وقت ان کے لیے سیکھنے کا ایک قیمتی تجربہ رہا، جس کی خوشگوار یادیں وہ اپنے ساتھ لے کر جا رہی ہیں۔
تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل کیپرا اور سینئر افسران کی جانب سے محترمہ فوزیہ اقبال کو یادگاری شیلڈز اور سووینئر پیش کیے گئے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button