ہزارہ

ایبٹ آباد: نملی میرا گلیات میں جماعت اسلامی کے نئے اراکین کی حلف برداری کی تقریب

ایبٹ آباد (نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی ہزارہ عبدالرزاق عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت جن بحرانوں کا شکار ہے، ان کا واحد حل قرآن و سنت پر مبنی عادلانہ نظام کا نفاذ ہے۔ فرسودہ اور طبقاتی نظام نے عوام کو مایوسی، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے سوا کچھ نہیں دیا، اب وقت آ گیا ہے کہ ملک میں حقیقی تبدیلی لائی جائے۔
وہ نملی میرا، گلیات میں جماعت اسلامی کے نئے اراکین کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی ضلع ایبٹ آباد ہماؤں خان جدون، مقامی امیر انجینئر فہد ذوالفقار، مولانا شعیب اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا، جبکہ کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔
عبدالرزاق عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جماعت اسلامی محض ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک تحریکی، فکری اور اصلاحی جماعت ہے جو فرد کی اصلاح سے لے کر ریاست کی تعمیر تک کا واضح وژن رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے اراکین جماعت میں شمولیت اختیار کر کے ایک عظیم ذمہ داری قبول کر رہے ہیں، جس کا تقاضا ہے کہ وہ کردار، دیانت اور خدمت میں مثال بنیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک پر مسلط حکمران طبقہ عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکا ہے، جبکہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو کرپشن سے پاک قیادت، میرٹ، عدل اور خدمت کو اپنا شعار بنائے ہوئے ہے۔
عبدالرزاق عباسی نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو تعلیم، صحت، روزگار اور انصاف کی فراہمی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے اور ان شاءاللہ یہی جدوجہد ملک میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ گلیات اور ہزارہ کے عوام نے ہمیشہ حق اور سچ کا ساتھ دیا ہے اور آنے والے دنوں میں یہی عوام بدل دو نظام کے نعرے کو عملی جامہ پہنائیں گے۔ انہوں نے نئے اراکین پر زور دیا کہ وہ دعوت، تنظیم اور خدمت کے میدان میں فعال کردار ادا کریں اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر سطح پر جدوجہد کریں۔
دیگر مقررین کے خیالات
سیکریٹری جنرل ضلع ایبٹ آباد ہماؤں خان جدون نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قوت اس کی منظم تنظیم اور نظریاتی کارکن ہیں۔ مقامی امیر انجینئر فہد ذوالفقار نے کہا کہ علاقے میں جماعت اسلامی کی دعوتی اور فلاحی سرگرمیوں کو مزید منظم کیا جائے گا۔ مولانا شعیب نے نئے اراکین کو اخلاص، صبر اور استقامت کے ساتھ جدوجہد جاری رکھنے کی تلقین کی۔
تقریب کے اختتام پر نئے اراکین سے حلف لیا گیا اور ملک و ملت کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button