ترک دارالحکومت انقرہ میں پاکستانی طلبہ کے اعزاز میں ثقافتی شام

انقرہ — پاکستان کے سفارتخانے انقرہ اور پاکستان ایمبیسی انٹرنیشنل اسٹڈی گروپ (PEISG) کے اشتراک سے ترکیہ کے دارالحکومت میں ایک شاندار ثقافتی شام کا اہتمام کیا گیا۔ یہ تقریب اُن پاکستانی طلبہ کے اعزاز میں منعقد کی گئی جو وزیراعظم پاکستان جناب محمد شہباز شریف کے خصوصی تعلیمی و ثقافتی تبادلے کے پروگرام کے تحت ترکیہ کے دورے پر ہیں۔
اس موقع پر پاکستان کے سفیر برائے ترکیہ ڈاکٹر یوسف جنید، اوسٹِم ٹیکنیکل یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر مراد علی یولک، وزارتِ تعلیم کے سینیئر جوائنٹ سیکرٹری آفتاب رشید، اور ترک وزارتِ قومی تعلیم کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
اپنے خطاب میں سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے کہا کہ طلبہ کا یہ دورہ وزیراعظم شہباز شریف کے اُس وژن کا عکاس ہے جو نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ترکیہ کے ساتھ تعلیمی تعاون کو فروغ دینے پر مبنی ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے نوجوان سفیر بن کر ترکیہ کے تعلیمی و ثقافتی تجربات سے سیکھیں۔ سفیر نے ترک وزارتِ تعلیم کی معاونت پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان طلبہ کے تبادلوں، اساتذہ کی تربیت، اور نصاب کی ترقی میں تعاون مزید مضبوط کیا جائے گا۔ انہوں نے اپنے خطاب کا اختتام ان الفاظ پر کیا کہ “پاکستان اور ترکیہ ایک قوم، دو ریاستیں ہیں۔”
ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر مراد علی یولک نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس نوعیت کے تبادلے نوجوان نسلوں کو ایک دوسرے کی ثقافتوں کو سمجھنے اور دیرپا دوستیوں کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
تقریب کے آغاز میں ڈائریکٹر پی ای آئی ایس جی غالب گیلانی نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور ادارے کے وژن، سرگرمیوں اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ پی ای آئی ایس جی کے طلبہ نے پاکستان اور ترکیہ کی مشترکہ ثقافت کی عکاسی کرتی ہوئی رنگارنگ پیشکشیں بھی پیش کیں۔
وزیراعظم کے پروگرام کے تحت پاکستان کے 26 تعلیمی بورڈز سے 149 نمایاں طلبہ کو ترکیہ کے دو شہروں، استنبول اور انقرہ کے دورے کا موقع فراہم کیا گیا، جہاں انہیں تاریخی و ثقافتی ورثے سے روشناس کرایا گیا۔ یہ تجربہ ان کی علمی و شخصی تربیت کے لیے ایک یادگار سنگِ میل ثابت ہوگا۔



