ہزارہ

خون کے عطیات میں اضافے کے لیے مثبت پیش رفت

ڈاکٹر فروا سجیل سے ملک محمد راشد اعوان اور آزاد عوام پریس کلب میرپور خاص کے صدر عثمان راشد اعوان کی ملاقات

اسلام آباد (اسپیشل رپورٹ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (PIMS) کے بلڈ بینک کی انچارج ڈاکٹر فروا سجیل سے ملک محمد راشد اعوان اورآزاد عوام پریس کلب میرپور خاص کے صدر عثمان راشد اعوان نے ملاقات کی، جس میں خون کے عطیات کے درست نظام، مریضوں کو درپیش مسائل اور عوامی آگاہی کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔

ڈاکٹر فروا سجیل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلڈ ڈونیشن صرف ایک عطیہ نہیں بلکہ انسانی جانیں بچانے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ خون عطیہ کرنے سے پہلے عطیہ دہندہ کا مکمل طبی معائنہ ضروری ہے تاکہ مریض اور ڈونر دونوں کی صحت محفوظ رہے۔

انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا:
“اگر خوشی کے موقع، سالگرہ یا کسی اہم دن پر خون عطیہ کیا جائے تو یہ خوشی کسی کی زندگی کے لیے تحفہ بن سکتی ہے۔ ایک بیگ خون ایک نئی زندگی کی امید ہے۔”

ڈاکٹر فروا سجیل نے ریجنل بلڈ سنٹر (RBC) اسلام آباد کے کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ مرکز محفوظ خون کی فراہمی، اسکریننگ اور کمپوننٹ تیار کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا، لیکن گزشتہ ایک سال سے اس کی بندش مریضوں کے علاج میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفی کمال سے مطالبہ کیا کہ بند پڑے RBC کو فوری طور پر فعال کیا جائے تاکہ مریضوں کو معیاری اور محفوظ خون بآسانی دستیاب ہو سکے۔

ڈاکٹر فروا سجیل نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قانون و امان کی خراب صورتحال، حادثات یا سانحات کے وقت فوری خون کی دستیابی صرف رضاکارانہ عطیات سے ممکن ہے۔
انہوں نے توجہ دلائی کہ جب سڑکیں بند ہوں، راستے محدود ہوں یا دُور دراز علاقوں سے رابطہ ممکن نہ ہو تو بلڈ بینک تک ڈونرز کا پہنچنا مشکل ہو جاتا ہے۔ ایسے میں اسپتالوں کے قریب رہنے والے رضاکار فوری طور پر خون عطیہ کر کے جانیں بچانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

عثمان راشد اعوان نے کہا کہ اسپتالوں کے قریب آباد کمیونٹیز، نوجوان، طلبہ اور سماجی تنظیموں کو اس انسان دوست عمل میں آگے آنا چاہیے تاکہ کوئی مریض صرف خون کی عدم دستیابی کے باعث اپنی جان نہ گنوائے۔

ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور اتفاق کیا گیا کہ خون کے عطیات کے نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق استوار کیا جائے گا تاکہ ہر ضرورت مند مریض کو بروقت اور محفوظ خون فراہم کیا جا سکے

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button