قومی

شکایت وفاق سے غصہ سندھ پر کیو ں ، شر جیل انعامیمن

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ فاروق ستار کی اصل شکایت وزیر اعظم سے ہے مگر غصہ سندھ حکومت پر نکال رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ذاتی شکووں کو سیاسی ایجنڈے میں بدلنا فاروق ستار کی پرانی روایت ہے۔ کل کی بارش کو جواز بنا کر سترہ سالہ بدعنوانی کا الزام لگانا دراصل ان کی بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتا ہے۔

ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ایک بیان میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم یہ نہ بھولے کہ وہ طویل عرصے تک اقتدار کا حصہ رہی ہے اور آج بھی کراچی کے شہری ان کی نام نہاد شہری حکومت کے دور کی کرپشن، جعلی بھرتیوں اور اداروں کی تباہی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی میں وہ کام کر دکھایا جو ایم کیو ایم اپنی چالیس سالہ تاریخ میں نہیں کر سکی۔ شدید بارش کے بعد شہر کے اہم علاقے چند گھنٹوں میں معمول پر آگئے تو ایم کیو ایم بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر ریسکیو اور ریلیف کا عمل جاری ہے۔ بارش ایک قدرتی عمل ہے مگر ایم کیو ایم قدرتی آفت میں بھی سیاست چمکانے سے باز نہیں آتی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی سندھ کا دل ہے اور ہمیشہ رہے گا، شہر کو سندھ سے الگ کرنے کا بیانیہ کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کراچی کے لیے اربوں روپے کے منصوبے مکمل کیے ہیں جن میں پیپلز بس سروس، کے فور منصوبہ اور انفراسٹرکچر کی بہتری نمایاں مثالیں ہیں۔ فاروق ستار کو چاہیے کہ وہ بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے اپنی جماعت کی گزشتہ چالیس سالہ کارکردگی کا حساب دیں۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button