ہزارہ

آزاد عوام پریس کلب کے انفارمیشن سیکریٹری محمد خالد شیخ اور ممبر مراد بخش لاشاری کی پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی متحرک ڈپٹی میئر میرپورخاص سمیرا بلوچ سے ان کے دفتر میں نہایت اہم اور تعمیری ملاقات ہوئی۔

میرپورخاص  اس ملاقات میں شہر کی موجودہ صورتحال، اسٹرکچر اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ انفارمیشن سیکریٹری محمد خالد شیخ نے ڈپٹی میئر کو عوامی مسائل اور شہری سہولیات سے متعلق نکات پیش کیے جبکہ ڈپٹی میئر سمیرا بلوچ نے ترقیاتی کاموں کے جاری اور آئندہ منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ میرپورخاص کی تعمیر و ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور خاص طور پر بے روزگار نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے پر غور و فکر کیا جا رہا ہے۔ سمیرا بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ پڑھے لکھے نوجوانوں کو آگے بڑھنا ہوگا، اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے شہر اور ملک کا نام روشن کرنا ہوگا۔ ڈپٹی میئر سمیرا بلوچ نے اس بات پر زور دیا کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، محترمہ شہید بے نظیر بھٹو کے مشن اور صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کے ویژن کو آگے لے کر چل رہی ہیں۔ ان کی تمام تر کوششیں عوامی خدمت اور لوگوں کے مسائل کے حل پر مرکوز ہیں۔ ڈپٹی میئر سمیرا بلوچ نے آزاد عوام پریس کلب میرپورخاص کے سرپرستِ اعلیٰ ملک راشد اعوان کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک راشد اعوان اعلیٰ کردار اور بصیرت کے مالک ہیں، جنہوں نے نہایت کم عرصے میں میرپورخاص میں آزاد عوام پریس کلب کی بنیاد رکھ کر ایک مثالی روایت قائم کی ہے۔ آخر میں ڈپٹی میئر سمیرا بلوچ نے آزاد عوام پریس کلب سے آئے انفارمیشن سیکریٹری محمد خالد شیخ اور ممبر مراد بخش لاشاری کا بھی دلی طور پر شکریہ ادا کیا۔ یہ ملاقات نہ صرف شہر کے ترقیاتی مستقبل کے لیے امید کی نئی کرن ہے بلکہ عوامی خدمت اور مسائل کے حل کے لیے مثبت قدم بھی ثابت ہوگی۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button