ہزارہ

حقائق کو مسخ نہ کیا جائے: کینٹونمنٹ بورڈز کو پراپرٹی ٹیکس کے قانونی اختیارات حاصل ہیں

روزنامہ دی نیوز اور روزنامہ آج میں شائع خبر جھوٹ پر مبنی اور گمراہ کن ہے، کینٹونمنٹ بورڈ ایبٹ آباد کا مؤقف

کینٹونمنٹ بورڈ ایبٹ آباد نے ایک باضابطہ وضاحتی نوٹ جاری کرتے ہوئے روزنامہ دی نیوزمیں 4 جولائی اور روزنامہ آج 5 جولائی2025 کو شائع ہونے والی خبر کو سراسر غلط، بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔
کہ پشاور ہائی کورٹ بینچ ایبٹ آباد کے عبوری حکم کو سیاق و سباق سے ہٹا کر پیش کیا اور یہ تاثر دیا کہ کینٹونمنٹ بورڈز ملک بھر میں پراپرٹی ٹیکس عائد نہیں کر سکتے، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ عدالت کا عارضی ریلیف صرف چند مخصوص درخواست گزاروں کی جائیداد تک محدود ہے اور کینٹونمنٹ بورڈ کے ٹیکس اختیار پر کوئی قدغن عائد نہیں کرتا۔
کینٹونمنٹ بورڈ ایبٹ آباد نے واضح کیا کہ اسے آئینِ پاکستان، کینٹونمنٹس ایکٹ 1924 اور 26ویں آئینی ترمیم 2024 کے تحت پراپرٹی ٹیکس سمیت تمام مقامی محصولات عائد کرنے کا مکمل آئینی و قانونی اختیار حاصل ہے۔ بورڈ کا مؤقف ہے کہ آئین میں کی گئی ترمیم نے وفاقی فہرست کی انٹری 2 میں “مقامی ٹیکس، فیس، چارجز اور ٹولز” کو صراحت سے شامل کر دیا ہے، چنانچہ کینٹونمنٹ ایریاز میں ٹیکس وصولی پر کوئی ابہام باقی نہیں رہتا۔
قانونی نکات کے ساتھ ساتھ بورڈ نے ایک عملی مثال بھی پیش کی: ایڈووکیٹ ہاشم اقبال جدون—جو پراپرٹی ٹیکس کے خلاف درخواست گزار ہیں—نے خود 2025 میں اپنے قریبی عزیزوں کے مکانات کا جزوی ٹیکس کینٹونمنٹ بورڈ ایبٹ آباد میں جمع کرایا۔ یہ عمل اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ٹیکس کی قانونی حیثیت تسلیم شدہ ہے اور بورڈ کی کارروائی کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ پراپرٹی ٹیکس سے حاصل شدہ رقوم براہِ راست شہری سہولتوں پر خرچ کی جاتی ہیں، جن میں صاف پانی کی فراہمی، جدید اسٹریٹ لائٹس، سڑکوں کی ری کارپٹنگ، کوڑا کرکٹ کی منظم اٹھان اور ریسکیو فائر سروس کی توسیع شامل ہیں۔ مزید برآں بورڈ نے e‑payment پورٹل، موبائل ایپ اور ون ونڈو فسیلیٹیشن ڈیسک قائم کر رکھا ہے تاکہ ٹیکس دہندگان کو ادائیگی اور ریکارڈ کی درستگی میں سہولت مل سکے۔
"عوام کی ٹیکس ادائیگی کی بدولت کینٹ بورڈ ایبٹ آباد نے کینٹ کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں ،نالوں کی صفائی اور مون سون آپریشن بھرپور طریقے سے جاری ہے تاکہ عوامی تحفظ اور صفائی کے نظام کو یقینی بنایا جا سکے۔”
ترجمان نے تمام رہائشی و تجارتی صارفین سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا اور غیر مصدقہ ذرائع پر پھیلنے والی افواہوں سے اجتناب کریں اور تصدیق کے لیے کینٹونمنٹ بورڈ ایبٹ آباد کے سرکاری ذرائع—ویب سائٹ، تصدیق شدہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ہیلپ لائن 0992‑9310248—سے رجوع کریں۔
کینٹونمنٹ بورڈ ایبٹ آباد نےعزم کیا کہ وہ آئینی و قانونی دائرہ اختیار کے تحت اپنے فرائض ادا کرتے ہوئے شفافیت، احتساب اور عوامی سہولتوں کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button