قومی

مانسہرہ،ناران، جھال کنڈ سے چلاس کی 4 لین موٹروے بنانے کا فیصلہ

عالمی معیار کی 235کلومیٹر طویل شاہراہ بنائیں گے:عبدالعلیم خان

اسلام آباد۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں مانسہرہ سے کاغان، ناران اور جھال کنڈ سے چلاس کی 4لین کی موٹروے کی تعمیر کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور اس بارے میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ہدایت کی ہے کہ این ایچ اے ایمرجنسی ڈیکلئیر کرتے ہوئے اس منصوبے پر کام کا فوری طور پر آغاز کرے۔انہوں نے کہا کہ مانسہرہ سے ناران کی 235کلومیٹر طویل شاہراہ عالمی معیار کے مطابق بنائیں گے اور اس موٹروے پر سیاحوں کی ضروریات کوخصوصی طور پر مد نظر رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیر مواصلات نے اس منصوبے پر دن رات کام کرنے اور موٹروے کو جلد از جلد شروع کرنے کا حکم دیا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ این 15کی موٹروے کے راستے میں ریسٹ ایریاز بھی بنائے جائیں جہاں سیر و سیاحت کے لئے آنے والے اپنی ضرورت کے مطابق مختصر قیام کرسکیں۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ مانسہرہ سے ناران، کاغان اور جھال کنڈ سے چلاس کی موٹروے اہم ترین منصوبہ ہے جس کے لئے مزید وقت نہیں ملے گا۔ اُنہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس اہم پراجیکٹ کی بر وقت تکمیل کے لئے واضح ٹائم لائن طے کریں۔ وفاقی وزیر مواصلات نے مانسہرہ سے ناران کی موٹروے پر ٹول ٹیکس کی ادائیگی کو بھی دو حصوں میں تقسیم کرنے کی ہدایت کی۔اُن کا کہنا تھا کہ اگر لوگوں سے ٹول لینا ہے تو این ایچ اے کو اُن شاہراہوں پر بہترین خدمات بھی مہیا کرنا ہوں گی۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے این15مانسہرہ،ناران موٹروے کے حوالے سے این ایچ اے افسران کو خصوصی ٹاسک سونپے جبکہ وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے نے اس خصوصی اجلاس کو اہم امور پر بریفنگ بھی دی۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button