عائشہ سلیم ویلفیئر ٹرسٹ بنڈی کے زیرِ اہتمام قوت سماعت و گویائی سے محروم(سپیشل بچوں) کو معاشرے میں باوقارمقام دلانے کی خاطر آگاہی پروگرام کا انعقاد،

چوکی سماہنی عائشہ سلیم ویلفیئر ٹرسٹ بنڈی کے زیرِ اہتمام قوت سماعت و گویائی سے محروم(سپیشل بچوں) کو معاشرے میں باوقارمقام دلانے کی خاطر آگاہی پروگرام کا انعقاد،سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی سرکردہ شخصیات و عوام الناس کی شرکت،پروگرام کا آغاز قاری محمد یونس نے تلاوت قرآن پاک سے کیا جبکہ قاری مختار احمد نے نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ساجد اقبال کاشر نے سرانجام دیے،سی ای او عائشہ سلیم ویلفیئر ٹرسٹ محمد ندیم نے خصوصی توجہ کے حامل بچوں کی اہمیت اور ان کے مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ٹرسٹ کے قیام کا مقصد یہ ہے کہ معاشرے میں بولنے و سننے کی صلاحیت سے محروم کوئی بھی سپیشل بچہ علاج سے محروم نہ رہے۔آج کے آگاہی پروگرام کا ایجنڈا یہی ہے کہ ہر دروازے پر دستک دی جائے اور ہر گھر تک ہماری مدد پہنچے، انہوں نے ٹرسٹ کی فراہم کردہ خدمات اسپيچ تھراپی،کوکلير امپلانٹ،ہیرنگ ڈیوائسز،فزيو تھراپی، ووکیشنل ایجوکیشن اور ٹریننگ پروگرامز کا تفصیل سے ذکر کیا اور بتایا کہ بچوں کو ہیئرنگ ڈیوائسز کی فراہمی کے علاوہ سپیچ تھراپی سمیت دیگر سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں جس کے لئے بنڈی کے مقام پر خوبصورت عمارت تیار کی گئی ہے،عائشہ سلیم ٹرسٹ کے ایڈمنسٹریٹر گلفام شوکت نے آئی ٹی(Information Technology)کے شعبے پرمفصل بریفنگ دی،انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی آج کے دور کی ایک بنیادی ضرورت ہے،جو نہ صرف زندگیوں کو آسان بناتی ہے بلکہ ترقی کے نئے راستے بھی کھولتی ہے، اس موقع پر مسٹ یونیورسٹی میرپور بزنس انکیوبیشن سینٹر کے ڈائریکٹر شعیب منظور نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور عائشہ سلیم ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا،انہوں نے ادارہ کے نظم ونسق کو انتہائی مثالی اور حوصلہ افزا قرار دیا اور کہا کہ عائشہ سلیم ویلفیئر ٹرسٹ عظیم کارنامہ سرانجام دے رہا ہے،صدر معلم ہائی سکول بنڈی عثمان رفیق نے ٹرسٹ کی جاری کاوشوں کو سراہتے ہوئے جملہ منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا،انہوں نے بنڈی میں ہونے والی تعمیری سرگرمیوں،فلاحی کاموں اور ترقیاتی اقدامات پر خوشی کا اظہار کیا اور مقامی افراد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔پروگرام میں اساتذہ کرام و دیگر شخصیات نے بھی اظہارِ خیال کیا اور اپنی قیمتی آرا سے شرکائے محفل کو نوازا،ریٹائرڈ ریجنل چیف اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن پاکستان محمد یوسف فاروقی،صدر انجمن تاجران عابد اسلم، کونسلر مسعود شاکر،ماسٹر عبدالغفور سابق امیدوار ضلع کونسل و دیگر مقررین نے بھی عائشہ سلیم ویلفیئر ٹرسٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے خصوصی بچوں کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو انسانیت کی خدمت کی اعلیٰ مثال قرار دیا۔پروگرام کے اختتام پر ادارے کی کامیابی کے لئے قاری مختار احمد نے اجتماعی دعا کروائی


