ہزارہ کے امن کو قائم رکھنے اور میگا قومی منصوبوں کی سیکورٹی کے لئے ہزارہ پولیس اپنے وسائل بروئے کار لا رہی ہے ناصر محمود ستی

ایبٹ آباد ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ ڈویژن ناصر محمود ستی نے کہا ہے کہ ہزارہ کے امن کو قائم رکھنے اور میگا قومی منصوبوں کی سیکورٹی کے لئے ہزارہ پولیس اپنے وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کے لئے پولیس نے اپنے لہو سے تاریخ رقم کی ہے۔جرائم پیشہ عناصر ،منشیات فروشوں ،قبضہ مافیا کے گرد پولیس کاشکنجہ ہمیشہ سخت رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی کا کہنا تھا ہزارہ میں پاک چین دوستی کے عملی کاموں کے ترقیاتی منصوبوں اور چائنیز کی سیکورٹی دستیاب وسائل سے زمہ داری نبھا رہے ہیں۔یہ منصوبے قومی ترقی میں اہمیت کے حامل ہیں۔جو نوجوانوں کے روزگار کے ساتھ ملکی معیشت کو بہتر کرنے میں سنگ میل کی حثیت رکھتے ہیں۔ڈی آئی جی ہزارہ کا مذید کہنا تھا امن امان کو یقینی بنانا اور شہریوں کی جان مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیحات ہیں ۔ہزارہ پولیس نے منشیات فروشی کو ختم کرنے کے لئے سخت پالیسی بنائی ہے ،ہزارہ کو ڈرگ فری بنانے کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں ۔منشیات جو معاشرے کی جڑوں کو کھوکھلا بنانے اور نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں کی طرف راغب کر رہی ہے۔ان کے سمگلرز کسی رعایت کے مستحق نہیں ہے ۔ہزارہ پولیس ان کو سلاخوں کو پیچھے دھکیل کر دم لے گی ۔انہوں نے کہا ہے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے کے لئے تمام ڈی پی اوز کو ہدایات دے رکھی ہیں۔پولیس غیر قانونی اڈہ جات کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے وہ ہزارہ کے امن کو قائم رکھنے کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔


