ڈائریکٹر جنرل پاکستان ریونیو فواد عامر چوہدری کی کھلی کچہری سائلین کے مسائل سنے،موقع پر احکامات جاری کئے

لاہور (اے پی پی ) ڈائریکٹر جنرل پاکستان ریونیو لاہور فواد عامر چوہدری نے جمعرات کو ڈی جی پی آر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں انہوں نے سائلین کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ ایک سائل نے بتایا کہ ان کی پنشن کا مسئلہ حل نہیں ہو رہا جس پر فواد عامر چوہدری نے فوری احکامات جاری کئے اور فوری ان کا مسئلہ حل کروا دیا جس پر سائل نے انہیں دعائیں دیں۔ ایک اور سائل نے بھی پنشن نہ ملنے کی شکایت کی جس پر اس کا مسئلہ بھی چند منٹوں میں حل کر دیا گیا ۔ تین سائلین کی پنشن کے مسائل حل کرنے کے لیے افسروں کو احکامات جاری کئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی آر نے کہا کہ کھلی کچہری کا انعقاد ہر 15 روز بعد ریونیو آفس میں کیا جاتا ہے اس کھلی کچہری کا مقصد سائلین کی شکایات کا ازالہ کرنا اور انہیں فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہ چھوڑیں ، شکایات کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔کھلی کچہری میں درجنوں سائلین کی شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ کھلی کچہری میں ریونیو افسران بھی موجود تھے۔


