ڈی آئی جی ہزارہ محمد اعجاز خان نے پولیس شہداء کے 06بیٹوں اور 02بھائیوں کو ASIبھرتی کردیا.
خیبرپختونخوا پولیس اپنے شہداء کے خاندان کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے.اپنے شہید والد اور بھائی کی طرح اپنے فرائض منصبی کو احسن طریقے سے سرانجام دیں اورہزارہ پولیس کا نام روشن کریں، ڈی آئی جی ہزارہ ریجن محمد اعجاز خان
ایبٹ آباد: ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن محمد اعجاز خان نے ہزارہ پولیس کے آٹھ شہدائے پولیس جنہوں نے دہشتگردی اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف جاری جنگ میں جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہید کا رتبہ حاصل کیا ان کے بچوں اور بھائیوں کو محکمانہ قواعد و ضوابط مکمل ہونے کے بعد پولیس میں ASIبھرتی کرنے کے آرڈر سپرد کیئے۔ بھرتی ہونیوالے ASIمیں ضلع مانسہرہ کے شہید کانسٹیبل سرفراز کے بیٹے افتخار احمد،شہید کانسٹیبل محمد پرویز کے بیٹے محمد شہباز ضلع ہریپور کے شہید SIسید نورین َشاہ کے بیٹے شاہ زیب حسین، شہیدکانسٹیبل نظیر حسین شاہ کے بیٹے شایان نظیر، ضلع ایبٹ آباد کے شہید SIمحمد صابرکے بیٹے عاطف علی، شہید کانسٹیبل ہارون الرشید کا بھائی سعد نذیر جبکہ ضلع بٹگرام کے شہید کانسٹیبل سیف الرحمن خان کے بیٹے سمیع الرحمان خان اور شہید کانسٹیبل محمد طیب کے بھائی یار محمد شامل ہیں۔ ڈی آئی جی ہزارہ محمد اعجاز خان نے شہید کوٹہ پر بھرتی ہونیوالے ASIکو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخواہ پولیس اپنے شہداء کے خاندان کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے اور ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے گی جس سے انکے خاندان کو سہولیات فراہم ہوسکیں۔ امید ہے کہ آپ بھی اپنے شہید والد اور بھائی کی طرح اپنے فرائض منصبی کو احسن طریقے سے سرانجام دیں گے اور خیبرپختونخواہ کا نام روشن کریں گے اور اپنی ڈیوٹی کو عبادت اور عوام کی خدمت کے جذبے سے سرانجام دیں گے۔


