ہم اپنی ایئر فورس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، مرکزی رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر
صوابی پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے صوابی میں عوامی اجتماع کے موقع پر مختصر نوٹس پر بڑی تعداد میں شریک ہونے پر شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمارے لیے باعثِ فخر ہے کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ایک بار پھر سرخرو کیا۔ بھارت یہ سمجھ رہا تھا کہ پاکستان اندرونی طور پر تقسیم کا شکار ہے اور موجودہ حالات کا فائدہ اٹھا کر جارحیت کرے گا، لیکن ہماری افواج اور قوم نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ ہم ہر حال میں اپنے وطن کا دفاع کریں گے۔
اسد قیصر نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کا قائد اس وقت جیل میں ہے، جس سے قومی یکجہتی کی کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے ہمیشہ کہا کہ "پاکستان بھی میرا ہے اور فوج بھی میری ہے”۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ملک کو کسی چیلنج کا سامنا ہوا، پی ٹی آئی کے کارکنان ہمیشہ فرنٹ لائن پر کھڑے رہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پر جو بھی ظلم ہوا، ہم نے اس کے خلاف اپنے ملک میں آئینی جدوجہد جاری رکھی۔ عوام نے ہمیں الیکشن میں کامیاب کرایا، اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم نہ صرف جمہوریت بلکہ ملک کے دفاع کے لیے بھی کھڑے ہوں۔
اسد قیصر نے پاک فضائیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملک کے دفاع کے لیے متحد ہیں۔ تاہم اگر ریاست واقعی قومی یکجہتی چاہتی ہے تو بانی چیئرمین، پی ٹی آئی قیادت اور کارکنان کو فوری رہا کرے۔ ان کو جیل میں رکھنا دراصل قومی اتفاقِ رائے کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے۔


