قومی
گرین لائن کامن کوریڈور آئندہ سال کھول دیا جائے گا، میئر کراچی
گرین لائن کی تعمیر کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا، لیکن کام مکمل ہونے کے بعد سہولت مہیا ہوں گی ، ریڈ لائن منصوبے پر آئندہ چند روز میں باضابطہ کام شروع ہو جائے گا ،میڈیا سے گفتگو
کراچی (آئی این پی )میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے اعلان کیا ہے کہ گرین لائن کامن کوریڈور 31 اکتوبر 2026 تک کھول دیا جائے گا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گرین لائن کی تعمیر کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا، لیکن کام مکمل ہونے کے بعد سہولت مہیا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ منصوبہ شروع کرتے وقت کے ایم سی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا، تاہم اب تمام مسائل کو حل کرنے کیلئے مشترکہ طور پر کام کیا جا رہا ہے۔میئر کراچی نے مزید کہا کہ حکومت نے ریڈ لائن منصوبے کے مسائل بھی حل کر دئیے ہیں، آئندہ چند روز میں اس پر باضابطہ کام شروع ہو جائے گا۔



