کچھی فاؤنڈیشن کے جنرل سیکریٹری محمد صدیق سنگھار کی جانب سے اوکھائی میمن جماعت کے صدر حاجی عزیز احمد کاٹھ کو مبارکباد

کراچی کچھی فاؤنڈیشن کے جنرل سیکریٹری محمد صدیق سنگھار نے اوکھائی میمن جماعت کے صدر حاجی عزیز احمد کاٹھ کو کمیونٹی الیکشن میں صدر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر حاجی عزیز احمد کاٹھ نے صدیق سنگھار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی نیک تمنائیں اور محبتیں میرے لیے حوصلہ افزا ہیں۔
محمد صدیق سنگھار نے اپنے پیغام میں کہا کہ فلاحی سوچ قدرت کا انمول تحفہ ہے، یہ اللہ تعالیٰ کی خاص عطا ہے کہ وہ جسے بھی مخلوقِ خدا کی خدمت کے لیے منتخب کرتا ہے۔ جو لوگ راہِ خدا میں اپنا مال و وقت خرچ کرتے ہیں، ان کے چہروں پر ایمان کی روشنی اور خوشی کی جھلک نمایاں ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حاجی عزیز احمد کی قیادت میں اوکھائی میمن جماعت نے جو ترقی حاصل کی ہے، وہ مثالی کارکردگی کا عملی نمونہ ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ انہیں صحت و عافیت کے ساتھ دراز عمر عطا فرمائے۔
اس موقع پر حاجی عزیز احمد کاٹھ نے کہا کہ محمد صدیق سنگھار کی گفتگو دراصل میرے دل کی آواز ہے۔ کچھی فاؤنڈیشن کا جو وژن تعلیم و روزگار کے حوالے سے ہے، وہی ہمارا بھی مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ نظام میں اصلاحات کی بہت گنجائش ہے، تاہم ان شاءاللہ العزیز ہم باہمی تعاون اور عزم کے ذریعے ترقی و خوشحالی کا کوئی نہ کوئی راستہ ضرور نکال لیں گے۔



