کنٹونمنٹ بورڈ پشاور اور کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال کے زیراہتمام جناح پارک پشاور کینٹ میں مفت طبی کیمپ کا کامیاب انعقاد
لیبرا فارماسیوٹیکل اور آر شین کے تعاون سے شہریوں کو مفت طبی سہولیات فراہم، 106 مریضوں کا معائنہ، اسپانسر اداروں کا سی بی پی پر اعتماد کا اظہار

پشاور (نمائندہ خصوصی)
کنٹونمنٹ بورڈ پشاور (CBP) اور کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال کے زیراہتمام، لیبرا فارماسیوٹیکل اور آر شین کے تعاون سے جناح پارک پشاور کینٹ میں ایک روزہ مفت طبی کیمپ کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا۔ یہ کیمپ ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس ڈیپارٹمنٹ کی خصوصی ہدایات کے تحت منعقد کیا گیا تاکہ کنٹونمنٹ کے رہائشیوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
کیمپ میں مجموعی طور پر 106 مریضوں کا معائنہ کیا گیا جن میں مختلف بیماریوں میں مبتلا مریض شامل تھے۔
طبی ماہرین کے مطابق مریضوں کی بڑی تعداد نے سانس کی نالی کے انفیکشن (Upper Respiratory Tract Infection)، پیشاب کی نالی کی بیماریوں (UTI)، جسمانی درد، ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، جلدی امراض بشمول خارش (Scabies)، اور غذائی کمی کی شکایات کے ساتھ رجوع کیا۔

کیمپ کے دوران 40 مریضوں کے رینڈم بلڈ شوگر (RBS) ٹیسٹ بھی کیے گئے، جن میں سے 3 مریضوں میں نئی ذیابیطس کی تشخیص ہوئی۔ تمام مریضوں کو موقع پر ہی مفت ادویات مہیا کی گئیں اور انہیں مزید علاج کے لیے رہنمائی بھی فراہم کی گئی۔
یہ جناح پارک میں منعقد ہونے والا چوتھا مفت میڈیکل کیمپ تھا۔ اس سے قبل دو کیمپ خیبر سپر مارکیٹ اور ایک ڈی او سی پارک میں کامیابی سے منعقد کیے جا چکے ہیں۔

اسپانسر اداروں لیبرا فارماسیوٹیکل اور آر شین نے کنٹونمنٹ بورڈ پشاور اور کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا:
"ہمیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ ہماری اسپانسرشپ کا بہترین اور شفاف استعمال ہو رہا ہے۔ کنٹونمنٹ بورڈ پشاور اور جنرل ہسپتال کی ٹیم نے جس لگن اور جذبے سے فری میڈیکل کیمپ منعقد کیا، وہ قابلِ ستائش ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ مستقبل میں بھی ہمارا تعاون حقیقی مستحقین تک پہنچتا رہے گا۔”
اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) کنٹونمنٹ بورڈ پشاور نے کہا:
"ڈی جی ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس کی ہدایات کی روشنی میں کنٹونمنٹ کے رہائشیوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے۔ ان میڈیکل کیمپس کا انعقاد آئندہ بھی باقاعدگی سے جاری رکھا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔”
شہریوں نے کنٹونمنٹ بورڈ پشاور، کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال اور اسپانسر اداروں کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے درخواست کی کہ ایسے کیمپس کا انعقاد تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے۔



