ہزارہ

کلکٹر سیلز ٹیکس آن سروسز کیپرا کا ریجنل آفس نارتھ کا دورہ

ایبٹ آباد: خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) کے کلکٹر سیلز ٹیکس آن سروسز، مقصود حسن نے جمعہ کے روز کیپرا ریجنل آفس نارتھ کا دورہ کیا اور کیپرا نارتھ کی ٹیم سے ملاقات کی۔

اس موقع پر کیپرا کے مشیر برائے ٹیکس انفورسمنٹ فضل امین شاہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر کمیونیکیشن سہیل رضا خٹک بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ریجنل آفس پہنچنے پر ایڈیشنل کلکٹر کیپرا نارتھ محمد عباس خان نے کلکٹر اور ان کی ٹیم کا استقبال کیا اور انہیں نارتھ ریجن کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ کے دوران، کلکٹر نے مختلف شعبہ جات سے حاصل ہونے والے ریونیو ڈیٹا کا جائزہ لیا اور مختلف شعبہ جات میں ریونیو کلیکشن میں اضافے یا کمی کی وجوہات کے بارے میں استفسار کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ نارتھ ریجن کو مالی سال25 – 2024 کے لیے 3.1 ارب روپے کا ہدف دیا گیا ہے، جس میں سے اب تک 2.05 ارب روپے جمع کیے جا چکے ہیں، جو دئیے گئے ہدف کا 65 فیصد بنتا ہے۔ ٹیم نے یقین دہانی کرائی کہ وہ نہ صرف اپنا ہدف پورا کریں گے بلکہ دیے گئے ہدف سے زیادہ کے محاصلے اکٹھے کریں گے۔

کلکٹر سیلز ٹیکس آن نے نارتھ ریجن کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور ان شعبوں میں ریونیو کلیکشن بہتر بنانے کے لیے اضافی اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا جہاں کمی کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپ کی کارکردگی اچھی ہے مگر اپنے اسی رفتار کو برقرار رکھنا ہے اور خود کو دئیے گئے ہدف تک محدود نہیں کرنا بلکہ اس سے زیادہ ریونیو اکٹھا کرنے کی کوشش کرنی ہے۔

"آپ نے اب تک شاندار کام کیا ہے، اور مجھے یقین ہے کہ آپ اپنا سالانہ ہدف آسانی سے حاصل کر لیں گے۔ تاہم، آپ کو ایک مضبوط منصوبہ بندی تیار کرنا ہوگی اور ایسی حکمت عملی وضع کرنی ہوگی جو کمزور شعبہ جات میں ریونیو کلیکشن کو بہتر بنائے، تاکہ آپ اپنے ہدف سے زیادہ محاصل اکٹھے کر سکیں”۔ مزید برآں، انہوں نے سال کے بقیہ عرصے میں ریونیو بڑھانے کے لیے نئے ذرائع تلاش کرنے پربھی زور دیا۔

مشیر برائے ٹیکس انفورسمنٹ اور کلکٹر نے نارتھ ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ مانیٹرنگ اور انفورسمنٹ مہم پر بھرپور توجہ دیں، خاص طور پر ریسٹورانٹس، ہوٹلز، شادی ہالز اور گیسٹ ہاؤسز پر۔ اس کے علاوہ بیوٹی پارلرز پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی تاکہ ریونیو کلیکشن کو بہتر بنایا جا سکے۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button