کرسمس کے موقع پر مذہبی ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کیتھولک چرچ، ایبٹ آباد میں پروگرام کا انعقاد
ایبٹ آباد،: کرسمس کے موقع پر مذہبی ہم آہنگی، باہمی بھائی چارے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کیتھولک چرچ، ایبٹ آباد میں خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثنائ اللہ خان نے خصوصی شرکت کی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ایبٹ آباد عمر طفیل اور اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر زرک یار خان تورو بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ثنائ اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا عقیدہ اور آئین اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ضلعی انتظامیہ اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ ایک جامع اور مساوات پر مبنی معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی اور کیک کاٹنے کی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے اقلیتی مرد و خواتین میں ان کی بہترین کارکردگی کے اعتراف میں اعزازی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔پروگرام میں ایس پی کینٹ، ایس پی ہیڈ کوارٹر، ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر طلال سلیم، اقلیتی نمائندے، مذہبی رہنما، وقار گل آر ٹی ایس، علمائ، فادرز، پادری اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ کرسمس کے اس موقع پر اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے مرد، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔


