کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کی بہتری کیلئے نئی بسیں متعارف کرانے کا فیصلہ
ریڈ لائن بی آر ٹی سمیت جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ، تعمیراتی کام تیز کرنے کی ہدایت

حکومت سندھ نے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے نئی بسیں جلد متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جو کراچی میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ریڈ لائن بی آر ٹی سمیت مختلف جاری منصوبوں، عوامی سہولت اور شہر میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو مؤثر بنانے سے متعلق اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء کو منصوبوں کی موجودہ پیش رفت، درپیش چیلنجز اور آئندہ کے اہداف کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ایم ڈی ایس ایم ٹی اے کنول نظام بھٹو، پی ڈی یلو لائن کمال دایو اور سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو کے علاوہ متعلقہ انجینئرز اور کنسلٹنٹس نے شرکت کی۔ سی ای او ٹرانس کراچی نے ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے اب تک کی پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق آگاہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی پر کام کی رفتار مجموعی طور پر تسلی بخش ہے، تاہم اسے مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کی نگرانی کو یقینی بنائیں تاکہ منصوبہ بروقت مکمل ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ کوریڈور کی بروقت تکمیل حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے تاکہ عوام کو درپیش سفری مشکلات، ٹریفک جام اور روزمرہ کی پریشانیوں میں کمی لائی جا سکے۔ سینئر وزیر نے یہ بھی ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کے دوران متبادل ٹریفک پلان پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
شرجیل انعام میمن نے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق مؤثر آگہی مہم کو مزید فعال بنانے پر بھی زور دیا تاکہ شہریوں کو بروقت معلومات فراہم کی جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی بسوں کے آغاز کے عمل کو تیز کیا جائے اور ایسے روٹس کو ترجیح دی جائے جہاں عوام کو سب سے زیادہ سفری مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق بس سروس میں توسیع سے شہریوں کو محفوظ، سستی اور باوقار سفری سہولت میسر آئے گی۔
انہوں نے سینیٹر تاج حیدر پل کے دوسرے حصے پر تعمیراتی کام جلد از جلد شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت جاری کیں۔
سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کراچی کے عوام کو جدید اور مؤثر پبلک ٹرانسپورٹ نظام فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ بی آر ٹی منصوبوں اور نئی بسوں کی شمولیت سے شہری زندگی میں مثبت اور دیرپا تبدیلی آئے گی۔
رپورٹ: عبدالمومن


