ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے ہزارہ پولیس کے 7 شہداء کے بچوں کو اے ایس آئی کنفرم کر دیا
یہ عہدہ آپ کو بڑی قربانی سے ملا ہے آپ نے اپنی اور اپنے والدین کی عزت میں اضافہ کرنا ہے، ناصر محمود ستی

ایبٹ آباد ڈپٹی انسپکٹر جنر ل آف پولیس ہزارہ ناصر محمود ستی نے ہزارہ پولیس کے شہداء کے 7 بچوں کو محکمہ پولیس میں بطور اسسٹنٹ سب انسپکٹر کنفرم کر دیا، انکے ہمراہ ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور بھی موجود تھے تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ہزارہ نے شہید سب انسپکٹر محمد فرید، ہیڈ کانسٹیبل فاروق شاہ، کانسٹیبل محمد پرورش، کانسٹیبل محمد ارشد، کانسٹیبل محمد پرویز، کانسٹیبل مشتاق انور اور کانسٹیبل سید افضل کے بچوں کو محکمانہ قوائد و ضوابط پورے ہونے پر ASI کنفرم کر دیا۔ اس موقع ڈی آئی جی ناصر محمود ستی نے کنفرم ہونے والے شہداء کے بچوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ عہدہ یونہی نہیں دیا گیا بلکہ آپ کو والدین کی اس ملک کیلئے قربانی کی وجہ سے دیا گیا ہے۔آپ نے فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس ملک کی بقاء اور سلامتی کی خاطر اپنے فرائض سر انجام دینے ہیں، بد عنوانی اور بد اخلاقی نہیں کرنی اور اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دینے ہیں۔ پولیس میں ASI ایک بڑا عہدہ ہے کل کو آپ نے لوگوں کے مسائل کو حل کرنا ہے، مظلوم لوگوں کی دادرسی کو یقینی بنانا ہے، اگر اچھا کام کریں گے تو آپ اورآپ کے والدین کی عزت میں اضافہ ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ آپ محکمانہ تربیت کیلئے جائیں گے تو وہاں پر آپ کو جو بھی سکھایا جائے گا، اس میں دلچسپی اور لگن کا مظاہرہ کریں اور محنت کے ساتھ تربیت کریں۔ آخر میں انہوں نے کنفرم ہونے والے تمام جوانوں اور انکے خاندان کو مبارکباد دی۔


