چیئرمین پی ای سی کی چیف سیکرٹری سندھ سے ملاقات، انجینئرنگ سیکٹر میں اصلاحات پر بات چیت

کراچی، 28 نومبر 2025 — چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل (PEC) انجینئر وسیم نذیر نے کراچی میں چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ سے ملاقات کی، جس میں صوبے میں انجینئرنگ کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے جاری اصلاحات پر گفتگو کی گئی۔
چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل نے چیف سیکرٹری کو پی ای سی کی مختلف اقدامات پر بریفنگ دی، جن میں گریجویٹ انجینئر ٹرینی (GET) پلیسمنٹ پروگرام بھی شامل ہے، جس کا مقصد باصلاحیت اور صنعت کی ضروریات کے مطابق افرادی قوت تیار کرنا ہے۔ چیف سیکرٹری نے پی ای سی کی کوششوں کو سراہا اور سندھ میں پروگرام کے نفاذ کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات کے دوران سندھ میں خدمات انجام دینے والے انجینئرز کے لیے ٹیکنیکل الاؤنس کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ چیف سیکرٹری نے یقین دلایا کہ اس مسئلے کا جائزہ لے کر جلد از جلد حل کی کوشش کی جائے گی۔
چیف سیکرٹری سندھ نے انجینئرنگ کے معیار میں کمی اور بعض مقامات پر رپورٹ ہونے والی بے ضابطگیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے مؤثر ریگولیٹری نگرانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انجینئرنگ پیشے کی ساکھ کا ہر صورت تحفظ ضروری ہے۔
دونوں رہنماؤں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ وہ صوبے میں انجینئرنگ سروسز کو بہتر بنانے اور انجینئرنگ کے شعبے کو مزید مضبوط کرنے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔



