وفاقی وزیر داخلہ کا لنڈی کوتل کا دورہ، شہید کیپٹن عباس خان کے اہلخانہ سے تعزیت
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل پہنچ کر شہید کیپٹن عباس خان کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کیپٹن عباس خان کے اہلخانہ سے تعزیت کے لیے لنڈی کوتل کا خصوصی دورہ کیا۔ وزیر داخلہ نے کنڈوخیل میں شہید کی رہائش گاہ پر پہنچ کر اہلخانہ سے ملاقات کی اور ان کے دکھ میں شریک ہوئے۔
دورے کے دوران انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ عمران تاج اور ڈپٹی کمشنر خیبر شاہد اقبال بھی موجود تھے۔ محسن نقوی نے شہید کے والد اور بھائیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور شہید کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کیپٹن عباس خان کی قربانی پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے اور وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے اہلخانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
واضح رہے کہ شہید کیپٹن عباس خان تین روز قبل وادی تیراہ میں پیش آنے والے واقعے کے دوران کاپٹر ڈرون سے فائر کیے گئے گولے کے پھٹنے سے شہید ہوئے تھے۔



