قومی

وزیر دفاع خواجہ آصف کا ایران پر حملوں کے خلاف مؤقف، عوام سے پرامن احتجاج کی اپیل

ایران کی حمایت جاری رہے گی، قانون شکنی دشمن کے منصوبوں کو فائدہ دے گی، قومی اتحاد وقت کی ضرورت

وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایکس اکاؤنٹ پر جاری اپنے بیان میں ایران پر حالیہ حملوں کو انتہائی افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کو اس پر دلی رنج ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے سفارتی، اخلاقی اور بین الاقوامی سطح پر ایران کی حمایت کی ہے اور اقوام متحدہ میں بھی پاکستان نے ایران کے خلاف حملے کی کھل کر مذمت کی ہے۔

وزیر دفاع نے ملک کی مذہبی جماعتوں، سماجی تنظیموں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور احتجاج کو پرامن رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم اپنے ملک کے اندر احتجاج کو شدت میں بدلیں یا قانون کو ہاتھ میں لیں تو یہ دشمن کے منصوبوں کو فائدہ دے گا۔

انہوں نے زور دیا کہ اس وقت قومی اتحاد اور داخلی استحکام ہی پاکستان کی اصل طاقت ہے۔ عوام کو چاہیے کہ وہ جذبات کو قابو میں رکھیں، امن و امان کو برقرار رکھیں اور کسی بھی قسم کی بدامنی یا نقصان سے گریز کریں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ریاستی ادارے حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے علمائے کرام سے بھی اپیل کی کہ وہ افہام و تفہیم اور امن کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button