وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ
سیکیورٹی انتظامات، ٹریفک کی روانی اور نرخ ناموں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور آئی جی سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو کے ہمراہ کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی انتظامات اور ٹریفک کی روانی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ رہنماؤں نے امریکی قونصل خانے اور اطراف کا بھی معائنہ کیا جہاں آئی جی سندھ نے سیکیورٹی امور پر بریفنگ دی۔
وزیر داخلہ سندھ نے آیت اللہ علی خامنہ ای کی المناک شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کراچی میں پیدا ہونے والی صورتحال کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ پرامن رہیں اور حالات کو قابو میں رکھنے میں تعاون کریں۔
اتوار کے روز وزیر داخلہ اور میئر کراچی صدر، آئی آئی چندریگر روڈ اور ایم اے جناح روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر پہنچے اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ مارکیٹوں میں پرائس کنٹرول لسٹ بھی چیک کی گئی اور حکام کو ہدایت دی گئی کہ سرکاری نرخوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ رمضان المبارک میں شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور شہر بھر میں فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے افطاری سے قبل ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے پولیس اور ٹریفک حکام کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا تاکہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو محفوظ اور پرامن ماحول دینا ریاست کی ذمہ داری ہے اور قانون کی حکمرانی ہر حال میں برقرار رکھی جائے گی۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ رمضان میں بلدیاتی اور سیکیورٹی ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ ٹریفک کی بہتری اور عوامی سہولت کے لیے واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور افطاری کے اوقات میں کسی قسم کی بدانتظامی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے زور دیا کہ کراچی کے امن اور استحکام کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر عمل جاری ہے۔ وزیر داخلہ سندھ نے مزید کہا کہ انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی کہ ملکی حالات کے پیش نظر صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور علمائے کرام امن کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔



