محسن نقوی کی گورنر کے پی سے اہم ملاقات، پشاور میں پی ایس ایل میچز اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو
گورنر فیصل کریم کنڈی کا پی ایس ایل میچز کی پشاور میں میزبانی کو نوجوانوں کیلئے مثبت قدم قرار، اسلام آباد امام بارگاہ دھماکے کے شہداء کیلئے فوری مالی امداد کا مطالبہ

وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے گورنر ہاؤس پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے چیلنجز اور عوامی تحفظ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پشاور میں پاکستان سپر لیگ کے میچز کے انعقاد کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بطور گورنر اس معاملے کو متعدد بار پی سی بی کے سامنے اٹھاتے رہے ہیں اور یہ فیصلہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے نہایت خوش آئند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میچز کی میزبانی سے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیاں میسر آئیں گی اور عالمی سطح پر پشاور کا پرامن تشخص مزید اجاگر ہوگا۔
ملاقات کے دوران گورنر کے پی نے اسلام آباد کی امام بارگاہ میں ہونے والے حالیہ دھماکے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور وفاقی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ شہداء کے لواحقین کو فوری مالی معاونت فراہم کی جائے۔ انہوں نے خودکش حملہ آور کو روکنے کی کوشش میں جان قربان کرنے والے سید عون عباس کیلئے صدارتی ایوارڈ ’’ستارۂ شجاعت‘‘ دینے کی سفارش بھی کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے یقین دلایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو روزگار اور کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کیلئے مشترکہ حکمت عملی کے تحت اقدامات جاری رہیں گے۔ ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ صوبے میں امن، ترقی اور عوامی فلاح اولین ترجیح رہے گی۔



