حاملہ خواتین کیلئے خطرہ، نوارٹس کے انجکشنز میں شیشے کے ذرات کا انکشاف
ملٹی نیشنل فارما سیوٹیکل کمپنی کے انجکشنز میں شیشے کے ذرات شامل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
لاہور: (پاکستانی پوسٹ نیوز) تفصیلات کے مطابق فارما سیوٹیکل کمپنی کی جانب سے تیار کردہ نوارٹس کی پروڈکٹس کے تین مختلف انجکشنز میں شیشے کے ذرات پائے گئے۔ سنٹرل ڈرگ ٹیسٹنگ اتھارٹی کی جانب سے لیبارٹری کی رپورٹ کے مرتب ہونے کے بعد انجکشن مارکیٹ سے اٹھا لئے گئے مگر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی ملی بھگت سے انہیں دوبارہ مارکیٹ کر دیا گیا۔
اس سلسلہ میں وفاقی ڈرگ انسپکٹر نے کمپنی سے تیرہ سوالات کا جواب طلب کیا مگر کمپنی نے تاحال کوئی جواب داخل نہیں کرایا۔ ان انجکشنز میں سے سنٹوسینون بچے کی پیدائش میں مدد دیتا ہے اور دردکش میتھیرین دوران زچگی خون روکنے کا کام کرتا ہے۔
ایسے انجکشننز کو مارکیٹ کرنے سے پاکستان میں مریضوں کی اموات اور خطرناک بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔ طبی ماہرین اور عوامی حلقوں نے وزیراعظم سے نوٹس لیکر اعلیٰ سطح کی انکوائری کرانے کی اپیل کی ہے۔



