قومی

سیلاب متاثرین کی محرومیوں پر سیاست کرنا نہ صرف افسوسناک بلکہ انتہائی شرمناک رویہ ہے،شرجیل میمن

ہمارا مطالبہ صاف اور سیدھا ہے کہ سیلاب متاثرین کی عملی مدد کریں، نہ کہ صرف بیانات دیں اور تصویریں بنوائیں، وزیراطلاعات سندھ

 

کراچی سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے وزیر اطلاعات پنجاب کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی محرومیوں پر سیاست کرنا نہ صرف افسوسناک بلکہ انتہائی شرمناک رویہ ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ صاف اور سیدھا ہے کہ سیلاب متاثرین کی عملی مدد کریں، نہ کہ صرف بیانات دیں اور تصویریں بنوائیں، جنوبی پنجاب کے لوگ پنجاب حکومت کو پکار رہے ہیں لیکن وہاں حکومت کی ترجیحات فوٹو سیشنز اور دکھاوے تک محدود ہیں۔ خدارا کیمرے ایک طرف رکھوا کر سیلاب متاثرین کی مدد کو پہنچیں۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پنجاب میں نہ گھر بن رہے ہیں اور نہ ہی سیلاب متاثرین کو سولر پینل مل رہے ہیں، صرف بھاشن دیئے جا رہے ہیں، سندھ حکومت 21 لاکھ گھر بنا رہی ہے، متاثرہ خاندانوں کو سولر پینل دے رہی ہے، ہمارا کام ان کو کھٹکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 120 روپے کا لیز چپس اور جوس دینے کے لیے 300 روپیکا اپنی تصویر والا پیکٹ نہیں بنواتے، یہی عوامی خدمت اور دکھاوے کی سیاست میں واضح فرق ہے۔ چھٹی کے دن کام کرنے کے حوالے سے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ قوم مصیبت میں ہو اور ہم چھٹی منائیں؟ ہمیں عوامی خدمت کے لیے چھٹی کے دنوں کا انتظار نہیں کرنا پڑتا، اتوار ہو یا کوئی اور دن، ہم ہر وقت عوام کے درمیان اور ان کے مسائل حل کرنے کے لیے موجود ہیں اور رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو چاہیے کہ وہ متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھے، پنجاب کے عوام جانتے ہیں کہ ان کے نام پر سیاست اور فوٹو سیشن کے سوا کچھ نہیں ہو رہا۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button