ہزارہ

ریونیو خدمات میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات، کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ کا ریوینیو آفس ایبٹ آباد کا اچانک دورہ

کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ نے جمعرات کے روز ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان کے ہمراہ ریوینیو آفس ایبٹ آباد کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کا مقصد اراضی کی رجسٹری، فرد، اور انتقالات سمیت دیگر ریونیو معاملات کا جائزہ لینا تھا۔

کمشنر فیاض علی شاہ نے اس موقع پر موجود سائلین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل براہ راست سنے اور موقع پر ان کے حل کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے عوامی سہولت کے لیے قائم مختلف کاؤنٹرز جیسے کہ قانون گو آفس، سب رجسٹرار آفس، وراثت انتقال، اور لیٹیگیشن آفس کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو عوامی مسائل کے فوری اور مؤثر حل کی ہدایات جاری کیں۔

کمشنر ہزارہ ڈویژن نے خواتین اور بزرگ شہریوں (سینئر سٹیزن) کی سہولت کے لیے خصوصی کاؤنٹرز بنانے اور فرد اور رجسٹری کے کاؤنٹرز میں اضافے کرنے کی ہدایت کی تاکہ شہریوں کے ریونیو مسائل آسانی سے حل ہوسکیں۔ انہوں نے موقع پر موجود سائلین کو بتایا کہ رجسٹری و انتقالات جیسی خدمات متعلقہ پٹوار سرکلز میں فراہم کرنے کے لیے دو موضع جات پر کام مکمل کر لیا گیا ہے، اور صوبائی حکومت سے منظوری کے بعد یہ سہولیات عوام کو ان کے علاقے میں ہی میسر ہوں گی۔

کمشنر ہزارہ نے عوامی رش اور کام کے دباؤ کے پیش نظر کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے دورہ کے دوران بعض سہولیات کی عدم موجودگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فوری اصلاح احوال کا حکم دیا۔

عوامی شفافیت اور نگرانی کے لیے کمشنر فیاض علی شاہ نے ہر کاؤنٹر پر کیمرے نصب کرنے کی بھی ہدایت جاری کی تاکہ ریونیو آفس میں سروسز کی فراہمی مزید شفاف اور مؤثر بنائی جا سکے۔

کمشنر ہزارہ نے کہا کہ ریونیو نظام میں بہتری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور شہریوں کو ان کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button