خیبر پختونخوا کی نومنتخب حکومت نے اپنی نوزائدگی، درپیش چیلنجوں اور شدید مالی مشکلات کے باوجود ایک متوازن سرپلس بجٹ وفاقی بجٹ سے کافی پہلے پیش کرکے اپنی رقیب مرکزی حکومت کو ششدر کیا بلکہ کافی الجھن میں بھی ڈال دیا مگر درحقیقت اسکی ٹائمنگ کو عوام میں پسند کیا گیا اور بڑی پذیرائی ملی ہے جو فارم 47 کی دیمک زدہ بیساکھی پر قائم نحیف مرکزی حکومت کو ایک انکھ نہیں بھائی۔ یہی وجہ ہے کہ بیشتر وفاقی وزراء نے اگرچہ اپنی توپوں کے دھانے کھول کر اس بجٹ کو ہدف تنقید بنانے کی مہم شروع کر دی مگر زمینی حقائق کے تناظر میں پرکھا جائے تو ان تنقیدی حملوں کا سر پیر اور سرتال ہی نہیں ملتا۔ ثابت ہو گیا ہے کہ وزیراعلی علی امین گنڈاپور جہاں شروع دن سے سیاست کے شہسوار بن کر ابھرے ہیں وہیں اب بجٹ میں بھی وفاق کو مات دیدی ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت نے بجٹ میں ایک طرف بہت صراحت کے ساتھ تیل و گیس اور پانی و بجلی میں صوبے کا آئینی اور قانونی حق بھی جتایا ہے مگر وفاق کے مالی مضمرات کا (جو درحقیقت اس کی اپنی ہی غلط کاریوں کا شاخسانہ ہیں) لحاظ رکھتے ہوئے بجٹ میں اپنے کم سے کم حصص پر اکتفا کیا ہے۔ البتہ مرکز اگر یہ کم ترین فنڈز دینے سے بھی احتراز برتے تو پھر وزیراعلی کی زبان میں دمادم مست قلندر کی نوبت ہی آئے گی۔ وفاق کو اس کا بھاری بھرکم خمیازہ بھی بھگتنا پڑ سکتا ہے کیونکہ اس بار صوبائی حکومت تو شاید صبر کے کچھ گھونٹ پی لے مگر یہاں کے عوام کا پیمانہ صبر لبریز دکھائی دے رہا ہے، وہ اپنا ردعمل دینے کیلئے گویا تیار بیٹھے ہیں کہ بقول شخصے برداشت کی بھی ایک حد ہوتی ہے۔ مرکز صوبے کے وسائل پر بھی قابض ہو اور یہاں کے عوام کو جینے بھی نہ دے، بندوں کو مارے اور رونے بھی نہ دے۔ ظلم و حق تلفی کا یہ بازار اب تادیر چلنے کو نہیں بس انکار کی صرف ایک چنگاری آتش فشاں کا دھانہ کھولنے اور ظلمت کے اندھیروں کو اجالے میں بدلنے کیلئے کافی ہے۔
چاروں صوبوں میں صرف خیبرپختونخوا کے تمام تر نقد آور وسائل مرکز کے زیرتسلط ہیں۔ مگر مایوسی گناہ ہے۔ ایک شعبہ اور محکمہ ایسا ہے جسے ترقی دیکر حکومت اور عوام دونوں کی معاشی حالت میں انقلاب بپا ہو سکتا ہے اور وہ ہے سیاحت و ثقافت اور آثارقدیمہ کا محکمہ۔ معاشی اہمیت کے پیش نظر سیاحت کو صنعت کا درجہ دیا گیا ہے اور خوش آئند بات یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے خیبرپختونخوا کو پرفضا اور صحت افزاء سیاحتی و مذہبی ٹورازم کے مواقع سے بڑی فیاضی کے ساتھ نوازا ہے۔ بس ایک امن و امان کا مسئلہ ہے جس پر وزیراعلی پولیس کے علاؤہ پاک فوج سے بھی رابطے میں ہے جبکہ امر واقعہ یہ ہے کہ خیبرپختونخوا کا امن پورے پاکستان کو امن کا گہوارہ اور ترقی کا استعارہ بنا سکتا ہے۔ اگرچہ ماضی میں دیگر کئی شعبوں کی طرح صنعت سیاحت کی ترقی پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی بلکہ چلتی کا نام گاڑی کا وطیرہ اپنایا گیا اور چترال، سوات اور گلیات کے گنے چنے سیاحتی مقامات پر ہی اکتفا کیا جاتا رہا مگر اب نئی صوبائی حکومت میں اس وزارت کا قلمدان مانسہرہ سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی زاہد چن زیب کو تفویض ہوا ہے تو اپنے ابتدائی تین چار مہینوں کی کوششوں سے انہوں نے اس محکمہ میں گویا نئی جان ڈال دی ہے اور محکمہ کی کارکردگی کو چار چاند لگا دیئے ہیں۔ وہ اگرچہ ایک کہنہ مشق ماہر تعمیرات ہیں مگر انہوں نے کوئی بڑا سیاسی پس منظر نہ ہونے کے باوجود خود کو ایک منجھے ہوئے زیرک سیاستدان کے طور پر بھی متعارف کرا لیا ہے۔ یہ حقیقت تو اپنی جگہ مگر حالیہ بجٹ میں انہوں نے وزیراعلی کو قائل کرکے شعبہ سیاحت کیلئے اس قدر فنڈز حاصل کئے جن کی پہلے شاید محکمہ کے کرتا دھرتاؤں کو بھی توقع نہیں تھی کیونکہ انہیں بادی النظر میں ایسا ہی لگ رہا تھا کہ جیسے پہلے سیاحت صرف سیاست کا شعبہ نظر آتا اور زبانی جمع خرچ اور بلند بانگ دعوے تو ہوتے مگر اسے صنعت کا درجہ ماننے سے بھی انکار ہوتا رہا ویسا ہی محدود صوبائی بجٹ میں آئندہ بھی ہوتا دکھائی دے رہا تھا۔ مگر حیرت انگیز طور پر زاہد چن زیب بجٹ میں اپنے محکمہ کے تمام اہم شعبوں یعنی سیاحت و ثقافت اور آثارقدیمہ و عجائب گھروں کیلئے قدرے زیادہ فنڈز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ محکمہ کے اخراجات میں انکی شروع دن سے ایک واضح پالیسی یہ رہی ہے کہ کم خرچ بالا نشین اور ماحول دوست سیاحت کی ترقی یعنی محکمہ کے تمام شعبوں کی ترقی کیلئے شفاف انداز میں اتنا ہی خرچ کیا جائے جس کے بہترین نتائج سامنے آئیں۔
زاہد چن زیب کی کوششوں سے نئے مالی سال کے صوبائی بجٹ میں سیاحت کو بطور صنعت ترقی دینے کے اقدامات تجویز ہوئے ہیں اور تقریباً پونے دس ارب روپے کی کثیر رقم مختص کی گئی ہے جو گزشتہ سالوں کے مقابلے میں 25 فیصد زیادہ فنڈز بنتے ہیں اور یہ بات بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ویژن کے مطابق سیاحت کی ترقی میں وزیراعلی علی امین گنڈاپور کی حد درجہ دلچسپی کی غمازی بھی کرتی ہے۔ درحقیقت سیاحت واحد شعبہ ہے جہاں جتنا گڑ ڈالا جائے اتنی زیادہ مٹھاس ہوگی جتنی زیادہ سرمایہ کاری ہوگی اتنا ہی زیادہ آمدن ہوتی ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھتے ہیں۔ بلاشبہ ٹورازم ایک بین الاقوامی تفریحی مشغلہ ہے اور غیرملکی سیاح ان علاقوں کا زیادہ رخ کرتے ہیں جہاں انہیں زیادہ کشش اور تبدیلیاں نظر آتی اور محسوس ہوتی ہیں۔ ہمارے قومی اعداد و شمار گواہ ہیں کہ پچھلے چار پانچ سالوں میں پاکستان نے صرف سیاحت کے شعبہ میں سالانہ بیس ارب ڈالر کا زرمبادلہ کمایا ہے جو ہمارے مجموعی جی ڈی پی کا چار فیصد بنتا ہے جبکہ خیبرپختونخوا کا ذکر کیا جائے تو حالیہ ایام عید کے دوران ہزارہ اور مالاکنڈ کے بیشتر سیاحتی علاقوں کے علاؤہ جنوبی اور ضم اضلاع کے پرفضا علاقوں میں اعلانیہ وغیر اعلانیہ مختلف ذرائع سے 20 تا 30 لاکھ سیاحوں نے یہاں کے سیاحتی علاقوں کا رخ کیا جن سے مقامی لوگوں کو روزگار کے علاؤہ صوبائی حکومت کو چار ارب روپے کا ریونیو بھی ملا۔ ہمارے مشیر سیاحت نے حالیہ بجٹ اور اے ڈی پی کی تیاری کے مراحل میں وزیراعلی کو یہ واضح یقین دہانی کرائی ہے کہ اول تو صوبائی بجٹ میں صنعت سیاحت کیلئے مختص کردہ پونے دس ارب یا بعینہ 9.66 ارب روپے کا شفاف اور منصفانہ استعمال یقینی بنایا جائے گا اور دوسرے یہ کہ مکمل کی جانیوالی سیاحتی سکیموں سے استفادے پر خرچ شدہ رقوم کے مقابلے میں صوبے کو کئی گنا زیادہ مالی و معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔ ان کی سفارش پر چترال میں سیاحت کیلئے وزیراعلی نے ہیلی کاپٹر سروس کی منظوری بھی دیدی ہے اور پیلے مرحلے میں صوبائی حکومت کا ہیلی کاپٹر سیاحت اور ایمرجنسی خدمات کیلئے وقف کر دیا ہے تاہم اس سلسلے میں سیکورٹی اور ہوابازی معاملات طے کرنے کیلئے کافی کام کرنا ہے اور سیکرٹری ٹورازم نے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ سلسلہ جنباتی شروع کر دیا ہے۔ سیاحت کی مد میں مختص پونے دس ارب روپے کے فنڈز کو مجموعی بجٹ کے 1754 ارب روپے کے تقابل میں اگر ادوار ہائے گزشتہ کی عینک سے دیکھا جائے تو یہ 25 فیصد زیادہ بنتے ہیں جو مشیر سیاحت زاہد چن زیب کی مخلصانہ کوشش اور قائدانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے اور ثابت ہوتا ہے کہ جس طرح وہ اپنے حلقہ نیابت مانسہرہ کے عوام کی خدمت کیلئے مخلص ہیں اور انکا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے شبانہ روز کوشاں ہیں بالکل ویسے ہی وہ صوبہ میں سیاحت کی ترقی کو پائیدار اور منافع بخش انداز میں فروغ دینے کیلئے پوری تندہی سے مصروف عمل ہو چکے ہیں۔
نئے بجٹ میں 60 سیاحتی منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر آٹھ ارب 38 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جن کی تکمیلی لاگت کا تخمینہ 32 ارب 62 کروڑ روپے بنتا ہے۔ ان میں 42 جاری سکیموں کیلئے سات ارب 95 کروڑ روپے جبکہ 18 نئی سکیموں کیلئے تقریباً 44 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جن کی تکمیلی لاگت کا تخمینہ بالترتیب 28 ارب 84 کروڑ اور تین ارب 78 کروڑ روپے ہے۔ خالص ترقیاتی مد میں ضم اضلاع کیلئے جنکی ترقی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، محدود وسائل کے باوجود صوبائی اے ڈی پی کے مجموعی 42 ارب روپے میں شعبہ سیاحت کیلئے تقریباً ساڑھے سات کروڑ روپے جبکہ ایکسلریٹڈ امپلی منٹیشن پروگرام (اے آئی پی) کے 40 ارب روپے میں سے سیاحت کی ترقی کیلئے 39 کروڑ 30 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔
نئے صوبائی بجٹ میں یہ حقیقت بھی واضح طور پر آشکارا ہوئی ہے کہ صوبائی حکومت سابقہ حکومتوں چاہے وہ آئینی ہوں یا غیر ائینی، ان سے بیر رکھنے اور مخالف حکومتوں کی غلط روش کو برقرار رکھتے ہوئے انکے منصوبے سردخانوں میں ڈالنے یا انکے فنڈز روکنے کی بجائے پالیسی اور ترقی دونوں کے تسلسل پر یقین رکھتی ہے۔ حالانکہ ابھی چند روز پہلے پی ڈی ایم ٹو کے نام شہرت پانے والی وفاقی حکومت نے اپنی روایتی کم ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پی ایس ڈی پی میں بیک جنبش قلم خیبرپختونخوا کے 91 جاری بڑے منصوبوں کے فنڈز روک دیئے اور ان پر کام بھی روک دیا ہے۔ ادھر نئے صوبائی بجٹ اور اے ڈی پی میں اولین ترجیح جاری سکیموں کی تکمیل پر دی گئی ہے اور ان کیلئے اتنے ہی زیادہ فنڈز مختص کئے گئے ہیں حالانکہ یہ پچھلے نگراں حکومتوں میں شروع کئے گئے تھے جن پر پی ڈی ایم ون حکومت کا ٹھپہ بھی لگ چکا ہے۔ دوسری جانب سیاحتی نئے منصوبوں میں کئی ایسی میگا سکیمیں شامل کی گئی ہیں جن میں نئے پرفضا مقامات کی ترقی اور سیاحوں کیلئے سہولیات میں اضافے کے علاؤہ روڈ انفراسٹرکچر کی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سبک رفتار تعمیر و مرمت شامل ہیں۔ سیاحت کی ترقی کیلئے غیرملکی مالی تعاون کی مد میں خیبرپختونخوا انٹیگریٹڈ ٹورازم ڈویلپمنٹ پراجیکٹ (کائٹ) کے تحت مجموعی 17 ارب روپے کی تخمینہ لاگت سے سیاحتی سکیموں کی پلاننگ بھی ہوئی ہے جن میں 14 ارب روپے عالمی بینک اور تین ارب روپے صوبائی وسائل سے مہیا کئے جائیں گے تاہم نئے مالی سال کیلئے ان میں پانچ ارب روپے غیرملکی اور صوبائی وسائل سے دس کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اسی طرح حکومت اٹلی کے 60 لاکھ یورو کے مالی تعاون سے خیبر پختونخوا کے مختلف سیاحتی علاقوں میں ہیریٹیج فیلڈ سکولوں کے قیام کا نیا منصوبہ بھی شروع کیا جا رہا ہے جن کا پاکستانی کرنسی میں لاگت کا تخمینہ تقریباً 83 کروڑ روپے ہے اور یہ رقم صوبائی حکومت کو بطور آسان قرض مہیا کی جائے گی۔
نئے صوبائی بجٹ میں خیبرپختونخوا ڈویلپمنٹ ایڈونچر ٹورازم کے نام سے ایک میگا سکیم کیلئے 30 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جس کی بدولت صوبے میں عالمی معیار کے مطابق ملکی و غیر ملکی سیاحوں بالخصوص نوجوانوں، بچوں و خواتین سمیت فیملیز کی تفریح طبع اور تخلیقی صلاحیتوں میں اضافے پر مبنی سیاحت کا نیا اسلوب متعارف ہو گا۔ برائڈل ٹریکنگ کے نام سے ایک دوسری سکیم میں ہزارہ کے کئی سیاحتی علاقوں، پہاڑی راستوں اور راہگزاروں بشمول مشک پوری، ڈونگا گلی اور میر جانی میں گھڑ سواری اور چہل قدمی کے محفوظ ترین ٹریک بنائے جائیں گے۔ ایڈونچر ٹورازم بھی نئی سکیموں میں شامل ہے جو اسم با مسمی منصوبہ ہے اور ایڈونچر کے شوقین سیاحوں کیلئے تفریح کے نئے دروازے کھولنے میں معاون ثابت ہو گی۔ اسی طرح 20 کروڑ روپے کی لاگت سے ٹورازم ہیلپ لائن 1422 کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اتنا جدید بنایا جائے گا کہ موبائل کے ایک کلک کے ذریعے سیاحوں اور فیملیز کو گھر میں بیٹھے اپنی سیر و تفریح کے پروگرام، چوائس اور موسم کی صورتحال سے لیکر راستے میں کسی بھی قسم کی رہنمائی حتی کہ گاڑی میں فیول ختم ہونے یا خرابی کے مسائل تک لمحوں کے اندر حل کئے جائیں گے۔ بجٹ میں ایک میگا سکیم انٹیگریٹڈ ٹورازم زونز کے نام سے متعارف کی جا رہی ہے جس کے تحت صوبے میں سیاحت کی ترقی کیلئے گنول، مانسہرہ، منکیال، سوات، مدکلشت چترال، اور ٹھنڈیانی ایبٹ آباد میں نجی سرمایہ کاری ہوگی جس کی فزیبلٹی اور ماسٹر پلاننگ عالمی بینک کے مالی تعاون سے مکمل کی جا چکی ہے۔ اسی طرح سیاحت میں بطور صنعت سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے سپیشل اکنامک زونز کی طرز پر انٹیگریٹڈ ٹورازم زونز میں ٹیکس کی چھوٹ کی تجویز بھی بجٹ میں رکھی گئی تھی تاہم صوبائی کابینہ نے بوجوہ اسکی منظوری نہیں دی البتہ مشیر سیاحت کی کوشش ہے کہ چاہے کچھ عرصہ بعد سہی مگر صوبہ میں سیاحت کی تیزی سے ترقی کیلئے نجی شعبہ کو یہ سہولت بھی مہیا کی جائے۔ نئے بجٹ میں جنوبی اور ضم اضلاع میں سیاحت کی ترقی کا احاطہ بھی کیا گیا ہے جس کے تحت ڈیرہ اسماعیل خان میں سیاحتی سہولیات کو ترقی دی جائے گی۔ شیخ بدین جیسے پرفضا سیاحتی مقام پر وافر پانی کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی جہاں پہلے ہی سیاحوں کی سہولت کیلئے ریسٹ ہاؤس کی تزئین اور کیمپنگ پوڈز کی تنصیب کا کام مکمل کیا گیا ہے۔ اورکزئی، خیبر، وزیرستان، مہمند اور باجوڑ سمیت ضم اضلاع میں صحت افزاء مقامات کی ازسرنو تلاش اور پکنک سپاٹس و کیمپنگ پوڈز کے علاؤہ صوبہ میں پانچ نئے پرفضا مقامات پر کیمپنگ پوڈز کی تنصیب بھی بجٹ کا حصہ ہے۔ سیاحتی مقامات تک رسائی کیلئے نئی سڑکوں کی تعمیر اور مختلف آبی ذخیروں و ڈیمز سے ملحقہ سیاحتی مقامات کا قیام بھی نئے بجٹ کا حصہ ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے کاغان میں ماڈل ٹورازم ہب و پائیدار ہاؤسنگ سکیم اور ناران میں کیمپنگ گراؤنڈ کی تعمیر کے منصوبے بھی بجٹ میں شامل ہیں۔
خیبرپختونخوا کے نئے بجٹ میں چترال میں سیاحت کی ترقی کیلئے بھی متعدد نئی سکیمیں منظور کی گئی ہیں اور اس مقصد کیلئے خاطر خواہ فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ گرم چشمہ کے مقام پر کمیونٹی پکنک سپاٹس کے علاؤہ کیلاش کے روایتی تہواروں اور شندور پولو میلہ زیادہ منظم انداز میں منانے جیسے کئی منصوبے بجٹ میں شامل کئے گئے ہیں جن کی بدولت سیاح سال بھر چترال کی سیر سے لطف اندوز ہوں گے۔ نئی سکیموں میں جشن ترچ میر کا سرکاری سطح پر انعقاد اور ہوم سٹے منصوبہ کے تحت چترال کے باشندوں کو آسان قرضوں کی فراہمی کی سکیمیں شامل ہیں تاکہ وہ غیرملکی سیاحوں کو اپنے گھروں میں ٹہرانے کیلئے تمام سہولیات کے ساتھ اضافی کمروں کی تعمیر کر سکیں۔ غیرملکی سیاحوں کو کرائے پر گھروں میں ٹہرانے کا تجربہ گلگت بلتستان میں کافی کامیاب رہا ہے جس سے سیاحوں کی تعداد میں اضافے کے علاؤہ مقامی لوگوں کی آمدن بھی بڑھتی ہے۔ فیملیز بیسڈ اکاموڈیشن فار دی فارن ٹورسٹس کے نام سے ایک نئی سکیم ان 18 نئی سکیموں میں شامل ہے جن کیلئے نئے بجٹ میں تقریبا 44 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ انکی مجموعی لاگت کا تخمینہ 4 ارب روپے ہے۔ ایسی سکیموں پر جتنا خرچ ہو گا اس سے کئی گنا زیادہ آمدن بھی ہوگی جبکہ غیرملکی سیاحوں کی آمد میں اضافے کے علاؤہ مقامی لوگوں کی معاشی حالت بھی بہتر ہو گی، باعزت روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور ہمارے تعلیم یافتہ ہنرمند و غیر ہنرمند نوجوانوں کو ملازمتوں کی تلاش کیلئے دوسرے شہروں کا سفر کرنے یا دیار غیر میں مشقتیں اٹھانے اور دیگر مشکلات جھیلنے سے نجات مل جائے گی۔ گھروں کے اضافی کمروں میں غیرملکی مہمان ٹہرانے کا تجربہ گلگت بلتستان حکومت نے پہلے ہی متعارف کیا ہے اور کافی کامیاب رہا ہے جس سے غیرملکی سیاحوں اور مہمانوں کو مقامی لوگوں کے رہن سہن اور رسم و رواج سمجھنے میں مدد ملتی ہے اور انکی دلچسپی اور تجسس بڑھنے کی وجہ سے غیرملکی سیاحوں کی آمد میں بھی مسلسل اضافہ ہوتا ہے۔ نئے بجٹ کی رو سے چترال میں جشن ترچ میر بھی ہر سال سرکاری سرپرستی میں منایا جائے گا اور چترال کے 25300 فٹ اس بلند ترین پہاڑ کے دامن میں روایتی رقص، تصویری نمائش، نیزہ بازی اور گھڑسواری کے علاؤہ ہائیکنگ، ٹریکنگ اور کوہ پیمائی کے مقابلے منعقد ہوں گے اور اسکی وجہ سے غیرملکی سیاحوں کی تعداد اور صوبے کی معیشت و آمدن میں اضافے کے علاؤہ خیبرپختونخوا کا سافٹ امیج دنیا بھر میں اجاگر ہوگا۔ بجٹ میں سیاحت کی ترقی سے متعلق خاص بات ماحول دوست سیاحت کا فروغ ہے جس کے بارے میں وزیراعلی سردار علی امین گنڈاپور اور مشیر سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔


