خیبرپختونخوا میں مون سون شجرکاری مہم کاآغاز
تحریر: محمد طیب، محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ پشاور
خیبرپختونخوا میں مون سون شجرکاری مہم کاآغاز
خیبرپختونخوا میں سرسبز مستقبل کی جانب ایک عملی قدم
ہر سال کی طرح امسال بھی خیبرپختونخوا حکومت نے موسم برسات (مون سون) میں شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ جو پورے صوبے میں زور و وشور سے جاری ہے یہ مہم نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کے لیے ایک مؤثر اقدام ہے بلکہ اس کا مقصد شہری اور دیہی علاقوں میں سرسبز و شاداب ماحول کو فروغ دینا بھی ہے۔موسم برسات کو شجرکاری کے لیے سب سے موزوں وقت سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس دوران بارشوں کی وجہ سے پودوں کو بہتر نشوونما کے مواقع میسر آتے ہیں۔ محکمہ جنگلات خیبرپختونخوا، عوامی شراکت داری کے ساتھ، مختلف اضلاع اور علاقوں میں وہاں کی آب و ہوا کے مطابق شجرکاری کر رہا ہے۔ رواں موسم برسات شجرکاری مہم میں صوبائی حکومت نے مختلف انواع کے تقریبا 10 لاکھ پودوں کی شجرکاری کا ہدف مقرر کیا ہے۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایات پر سرکاری عمارات، سکولوں، کالجوں، ہسپتالوں اور دیگر عوامی مقامات پر پھلدار پودے بھی لگائے جا رہے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد سرسبز ماحول کو یقینی بنانے کے علاؤہ شہری علاقوں میں معدوم ہوتی چڑیا، مینا اور دیگر پرندوں کے لیے خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے، محکمہ جنگلات، اضلاع کی انتظامیہ، سکولوں،کالجوں کے طلبہ اور سول سوسائٹی کے تعاون سے صوبے کی تمام اضلاع میں شجرکاری کی 519 مختلف تقریبات میں دیگر پودوں کے علاؤہ تقریباً 2 لاکھ 12 ہزار پھلدار پودوں کی شجرکاری کی جا رہی ہے، اسی طرح محکمہ جنگلات سنٹرل سدرن فارسٹ ریجن ون میں 181 شجرکاری تقریبا ت میں 68187 پھلدار پودوں کی شجرکاری کر رہا ہے،مالاکنڈ فارسٹ ریجن تھری میں 187 شجرکاری تقریبات میں 76317 جبکہ ہزارہ فارسٹ ریجن ٹو میں 151 شجرکاری تقریبات میں 67705 پھلدار پودے لگائے جائینگے اسی طرح 10 بلین ٹری پلانٹیششن پروگرام اور بلین ٹری ایفارسٹیشن سپورٹ پروجیکٹ کے تحت ملاکنڈ، سوات، بونیر، الپوری ہری پور، گیلیز، سرن، اگرور تناول، تورغرر، ہزارہ ٹرائیبل، کاغان اور دیر بالا میں مجموعی طور پر 547 ہیکٹرز رقبے پر مختلف انواع کے 734500 پودے لگائے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق 10بلین ٹری پلانٹیشن پروگرام کے تحت 260 ہیکٹرز رقبے پر 3 لاکھ 90 ہزار جبکہ بلین ٹری ایفارسٹیشن سپورٹ پراجیکٹ کے تحت 287 ہیکٹرز رقبے پر 3 لاکھ 44 ہزار 5 سو پودوں کی شجرکاری کی جائے گی، صوبائی حکومت اربن فارسٹری پر بھی توجہ دے رہی ہے، محکمہ جنگلات کے تعاون سے پشاور میں 6 بڑی شاہراہوں کے کناروں پر تیزی سے بڑھوتری کرنے والے پودوں کی شجرکاری کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے منعقدہ اجلاس میں محکمہ جنگلات، پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں، پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی روزانہ کی بنیاد پر پشاور شہر میں پودوں کو پانی دینے کی پابند ہے، شہر کی بڑی شاہراہوں پر 8 فٹ تک نشوونما کرنے والے پودوں کی شجرکاری کو ترجیح دی جائے گی، وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات پیر مصور خان کی ہدایات اور نگرانی میں محکمہ جنگلات کی جانب سے صوبہ بھر میں شجرکاری کے لیے سنجیدہ اقدامات کی بدولت نہ صرف صوبے بالخصوص سیاحتی مقامات کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ آنے والے سالوں میں خیبرپختونخوا ماحولیاتی تبدیلیوں سے بھی بہتر انداز میں نمٹنے کے قابل ہوگا اوریہاں کے شہری ایک سرسبز، خوشگوار اور صحت مند ماحول میں زندگی گزار سکیں گے۔


