خانپور میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مختلف تقریبات کا انعقاد
خانپور یومِ یکجہتی کشمیر 2026 کے موقع پر سب ڈویژن خانپور میں اسسٹنٹ کمشنر خانپور کی زیرِ نگرانی کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کے لیے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔تقریبات کا باقاعدہ آغاز ایک منٹ کی خاموشی سے کیا گیا، جس کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس کے بعد پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں قومی جوش و جذبے کے ساتھ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔بعد ازاں ٹی ایم اے خانپور سے اسسٹنٹ کمشنر آفس خانپور تک یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور کشمیر کے مظلوم عوام کے حق میں نعرے بلند کیے۔ واک کے اختتام پر کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی آزادی، سلامتی اور کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔تقریب کے دوران طلباء و طالبات نے پرجوش تقاریر کیں، جن میں انہوں نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر تمام متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن، مقامی پولیس، صحافی برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب قومی اتحاد، بیداری اور کشمیر کاز کے ساتھ وابستگی کی بھرپور عکاس رہی۔


