
ایبٹ آباد کے علاقے جناح آباد گلی نمبر 5، تھانہ میرپور کی حدود میں گیس ہیٹر جلتا چھوڑ دینے کے باعث افسوسناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 20 سالہ نوجوان اسد اللہ ولد نعمت اللہ سکنہ چارسدہ دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کمرے میں گیس بھر جانے سے اس کے دو کزن شعیب اور سہیل ولد خان ولی بھی بے ہوش ہو گئے تھے، جنہیں فوری طور پر مقامی افراد کی مدد سے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ طبی امداد کے بعد دونوں نوجوان ہوش میں آ گئے اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

پولیس نے واقعے کی ابتدائی رپورٹ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سرد موسم میں گیس ہیٹر کا غیر محتاط استعمال جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے، اس لیے شہری احتیاطی تدابیر اپنائیں، کمروں میں ہوا کے گزر کا مناسب انتظام رکھیں اور سوتے وقت ہیٹر بند کر دیں۔


