تیمرگرہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں سہولیات کا جامع جائزہ، علاج میں غفلت ہرگز برداشت نہیں ہوگی
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایات پر ایم ایس ڈاکٹر بخت زادہ اخونزادہ کا مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ، ایمرجنسی سروسز اور مریضوں کی دیکھ بھال کا معائنہ

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا جناب سہیل خان آفریدی، صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان اور ڈپٹی کمشنر دیر لوئر محمد عارف خان کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر/ٹیچنگ ہسپتال تیمرگرہ میں طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس سلسلے میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر بخت زادہ اخونزادہ نے ہسپتال کے مختلف اہم شعبہ جات کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ، ہسپتال لیبارٹری، باچا خان او پی ڈیز، میڈیکل وارڈز، کارڈیالوجی وارڈ اور سرجیکل وارڈز کا معائنہ کیا گیا۔ ایم ایس نے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں ادویات اور طبی سامان کی دستیابی، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور طبی و پیرامیڈیکل عملے کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
ڈاکٹر بخت زادہ اخونزادہ نے ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ علاج معالجے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی، ہمدردی اور پیشہ ورانہ رویہ اختیار کیا جائے تاکہ ہسپتال آنے والے ہر فرد کو باوقار اور سازگار ماحول میسر آ سکے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتال عوام کی امانت ہیں اور یہاں آنے والے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور ادویات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔
بعد ازاں ایم پی اے ملک شفیع اللہ خان نے بھی ہسپتال کا دورہ کیا اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایمرجنسی سروسز، مریضوں کی دیکھ بھال اور جاری حکومتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایم پی اے نے ہسپتال کی بہتری اور سہولیات میں اضافے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اسی دوران صدر ڈسٹرکٹ بار دیر لوئر سلیم خان نے بھی ڈاکٹر بخت زادہ سے ملاقات کی اور ہسپتال کی بہتری کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس سلسلے میں انتظامیہ کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔
علاقہ مکینوں نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ انتظامیہ کے حالیہ اقدامات سے ہسپتال میں سہولیات کا معیار مزید بہتر ہوگا اور مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج میسر آئے گا۔ انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہسپتال میں طبی خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جائے گا تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
رپورٹ: عبدالمومن


