ایبٹ آباد میں پولیس مقابلہ، بدنام زمانہ منشیات فروش ساجد عرف کالا زخمی حالت میں گرفتار
ڈی پی او ہارون رشید خان کی ہدایات اور ایس پی کینٹ علی حمزہ بٹ کی نگرانی میں کارروائی، 394 گرام آئس برآمد

ایبٹ آباد میں منشیات کے خلاف جاری مہم کے دوران کینٹ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش ساجد عرف کالا کو پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ کارروائی ڈی پی او ہارون رشید خان کی خصوصی ہدایات پر اور ایس پی کینٹ علی حمزہ بٹ کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی، جسے پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت حکمت عملی کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق گزشتہ شب نگکی روڈ کے مقام پر کینٹ پولیس کی ٹیم معمول کی گشت پر موجود تھی کہ اس دوران مشکوک افراد سے آمنا سامنا ہو گیا۔ پولیس نے جب ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران ملزم ساجد عرف کالا اپنے ہی ساتھی وقاص عرف وکی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمی ملزم کو قابو کر لیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
گرفتاری کے دوران ملزم کے قبضے سے 394 گرام آئس برآمد کی گئی، جو مبینہ طور پر شہر میں سپلائی کی جانی تھی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم اس سے قبل بھی منشیات فروشی کے متعدد مقدمات میں ملوث اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب رہا ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے ملزمان کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 324، 353، 186 اور 189 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹینس ایکٹ کی دفعہ 11(1) کے تحت بھی قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ضلعی پولیس حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ایبٹ آباد کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رہیں گے اور معاشرے کو تباہ کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ شہریوں نے بھی پولیس کی اس کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے امن و امان کے قیام کے لیے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
رپورٹ: عبدالمومن


