ایبٹ آباد میں اربن فلڈنگ: کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ کی زیرصدارت اہم اجلاس
، تجاوزات کی نشاندہی اور خاتمے کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل

حالیہ دنوں ایبٹ آباد میں شدید بارشوں کے نتیجے میں اربن فلڈنگ کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس صورتحال کے پیش نظر کمشنر ہزارہ نے ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کی، جس میں اربن فلڈنگ کے اسباب، نقصانات اور ممکنہ حل پر تفصیل سے غور کیا گیا۔
اجلاس میں کمشنر ہزارہ نے نکاسی آب کے نظام پر تجاوزات کو اربن فلڈنگ کی ایک بڑی وجہ قرار دیا اور فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ اس سلسلے میں کمشنر ہزارہ نے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے، جس کا مقصد شہر بھر میں تجاوزات کی نشاندہی کرنا اور ان کے مؤثر خاتمے کے لیے جامع پلان مرتب کرنا ہے۔
کمیٹی نالوں، نکاسی آب کی لائنوں، پانی کی گزرگاہوں، پلوں اور دیگر متعلقہ ڈھانچوں پر کی گئی تجاوزات کی نشاندہی اور متاثرہ علاقوں کی حد بندی اور واضح نشاندہی کرے گی اور متعلقہ محکمے تجاوزات کرنے والوں کو قانونی نوٹس جاری کرے گی۔کمیٹی اپنی تجاویز پر عمل درآمد کے سلسلے میں تین دن کے اندر ایک جامع رپورٹ کمشنر دفتر کو پیش کرے گی
کمشنر ہزارہ نے واضح کیا کہ اس مسئلے پر کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور اربن فلڈنگ کے مستقل حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔


