ہزارہ

اتحاد اہلِ سنت پاکستان کے زیرِ انتظام پریس کلب ایبٹ آباد میں "یکجہتی افواج و دفاعِ پاکستان سیمینار” کا انعقاد نہایت شان و شوکت سے کیا گیا

ایبٹ آباد اتحاد اہلِ سنت پاکستان کے زیرِ انتظام پریس کلب ایبٹ آباد میں "یکجہتی افواج و دفاعِ پاکستان سیمینار” کا انعقاد نہایت شان و شوکت سے کیا گیا۔ اس اہم قومی نوعیت کے پروگرام میں تمام مکاتبِ فکر کے نمائندگان، ملک کی مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین، صحافی، تاجر برادری، دینی مدارس و جامعات کے مہتممین، اساتذہ، اور ائمہ مساجد سمیت معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔سیمینار کی صدارت اتحاد اہلِ سنت پاکستان کے صدر مولانا حبیب الرحمٰن نے کی۔ شرکاء نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں، شجاعت اور ملکی دفاع میں بے مثال کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پوری قوم اپنی دینی قیادت کے ساتھ مل کر افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج نے وطنِ عزیز کے وقار اور سالمیت کے تحفظ میں جو کردار ادا کیا ہے، وہ تاریخ کا روشن باب ہے۔سیمینار میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ تمام دینی مدارس، مذہبی و سیاسی جماعتیں، اور عوام الناس افواجِ پاکستان سے مکمل یکجہتی رکھتے ہیں اور ملکی سلامتی، استحکام اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کے لیے متحد و پرعزم ہیں۔اس موقع پر وفاق المدارس العربیہ پاکستان ،تنظیم المدارس پاکستان ،وفاق المدارس السلفیہ پاکستان ،رابطۃ المدارس پاکستان کے ذمہ داران شامل تھے۔سیمینار میں مولانا حبیب الرحمٰن، مولانا سرفراز فاروقی، مولانا سید یعقوب شاہ ، مولانا حمید الرحمٰن، مولانا عبدالوحید ،مولانا جعفر طیار اعوان ،مولانا عابدسلفی ،مولانا احمد الحسینی ،مولانا سعید الرحمن ،مفتی محمد ارشد ،مولانا توحید،مولانا شیر محمد ،مولانا حسین علی ،مولانا یسین ،قاری اسامہ حنیف، کاشف خان جنرل سیکرٹری ایبٹ آباد پریس کلب راجہ منیر خان نے خطاب کیا ۔سیمینار میں علماء کرام و مختلف طبقات کےذمّہ داران نے شرکت کی ۔پروگرام کے اختتام پر تمام مکاتبِ فکر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ وطنِ عزیز کے دفاع، قومی یکجہتی اور افواجِ پاکستان کی حمایت میں ہم آواز و ہم قدم رہیں گے۔ سیمینار میں قومی سلامتی کا واضح پیغام دیا گیا اور افواجِ پاکستان کو عوامی اعتماد اور مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی گئی۔

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button