ایئر پورٹ جیمخانہ نے ریاض الدین میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا
زون ایک کی جانب سے ٹورنامنٹ کے انعقاد کو سراہا گیا، عمیر شیخ اور طحہٰ محمود کی شاندار سنچریاں

ایئر پورٹ جیمخانہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریاض الدین میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا۔ اس ٹورنامنٹ کا انعقاد زون ایک کی جانب سے معروف ٹیسٹ امپائر مرحوم ریاض الدین کی خدمات کے اعتراف میں کیا گیا، جسے کرکٹ حلقوں میں بے حد سراہا گیا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام سیکریٹری ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی محمد توصیف صدیقی نے کہا کہ زون ایک نے ریاض الدین کے نام سے ٹورنامنٹ منعقد کروا کر ایک بہترین مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ریاض الدین نے امپائرنگ کے شعبے میں اپنی محنت، دیانت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے ایک نمایاں مقام حاصل کیا، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اس موقع پر خالد نفیس نے بھی ریاض الدین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امپائرنگ کے میدان میں اپنی لگن اور قابلیت سے ایک خاص پہچان بنائی اور نوجوان امپائرز کے لیے مشعلِ راہ بنے۔
میچ کے دوران ایئر پورٹ جیمخانہ کے کھلاڑیوں عمیر شیخ اور طحہٰ محمود نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست سنچریاں اسکور کیں، جس نے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی عمدہ کارکردگی کو شائقین کرکٹ نے خوب سراہا۔
تقریب کے اختتام پر کامیاب کھلاڑیوں اور آفیشلز میں انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ ریاض الدین کی کرکٹ کے لیے خدمات کو زبردست انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس ٹورنامنٹ کو نہ صرف ایک کھیلوں کی سرگرمی بلکہ ایک عظیم شخصیت کی یاد کو زندہ رکھنے کی کاوش کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔


