شہید ذوالفقار علی بھٹو عوامی حقوق اور جمہوریت کی علامت تھے، شرجیل میمن
47ویں برسی پر خراجِ عقیدت، بھٹو کا وژن آج بھی ملکی سیاست میں مشعلِ راہ قرار

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہیں ایک عہد، ایک نظریہ اور عوامی حقوق کی جدوجہد کا استعارہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے پاکستان کے عوام کو نہ صرف سیاسی شعور دیا بلکہ جمہوری حقِ حکمرانی اور خودمختاری کا احساس بھی اجاگر کیا۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا، جو آج بھی قومی وحدت کی بنیاد ہے، جبکہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کی ابتدائی بنیاد بھی انہی کی قیادت میں رکھی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بینظیر بھٹو نے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کے دفاع کو مزید مضبوط کیا اور میزائل ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ بین الاقوامی حالات میں پاکستان کا مضبوط دفاع دراصل شہید بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کی دور اندیش قیادت کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق، بھٹو دور میں مزدوروں، کسانوں، طلبہ اور محروم طبقات کو آواز ملی اور انہیں قومی دھارے میں شامل کیا گیا۔
سینئر وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان آج بھی شہید بھٹو کے سیاسی فلسفے کو اپنی رہنمائی کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارٹی شہید بھٹو کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
شرجیل میمن نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائے گی اور ان کا وژن پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور جمہوری استحکام کی بنیاد بنتا رہے گا۔



