حکومت عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے پر راضی تھی، انتظامات مکمل: پی ٹی آئی ذرائع
ذرائع: اپوزیشن کا مطالبہ تھا کم از کم 10 دن شفا اسپتال میں قیام، حکومت مکمل علاج کے لیے تیار

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندرونی ذرائع کے مطابق حکومت بانی پارٹی عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے پر راضی تھی اور اس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن کی جانب سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ عمران خان کو کم از کم 10 دن تک اسپتال میں رکھا جائے، اور حکومت بھی مکمل علاج کے لیے تیار تھی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق حکومت کی شرط یہ تھی کہ علاج کی تفصیلات ظاہر کی جائیں اور کارکنان کو اسپتال نہ بلایا جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب عمران خان کی اسپتال منتقلی کے لیے گاڑیاں اور دیگر انتظامات مکمل ہو چکے تھے۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے رابطہ کر کے اہل خانہ کے نام لیے گئے۔ ابتدا میں ڈاکٹر عاصم اور ڈاکٹر عظمیٰ کے نام دیے گئے، لیکن حکومت نے ان کو تسلیم نہیں کیا۔ بعد میں ڈاکٹر برکی کا نام دیا گیا، جسے بھی حکومت نے مسترد کر دیا، جس پر بہنیں برہم ہو گئیں۔ آخرکار حکومت نے قاسم زمان کا نام دیا، جس پر دونوں طرف سے تشویش کا اظہار کیا گیا۔
پارٹی ذرائع نے بتایا کہ نام پر اتفاق نہ ہونے کی وجہ سے حکومت نے اتوار کی شب اعلان کیا کہ اب اسپتال منتقلی ممکن نہیں۔ ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت نے پمز کے ڈاکٹروں سے ملاقات کی اور حلف اٹھایا کہ ملاقات کی تفصیلات پبلک نہیں کی جائیں گی۔
رپورٹ: عبدالمومن



