پاکستانی تاجروں کے لیے سبق؟ دبئی رمضان میں قیمتیں بڑھانے پر لاکھوں روپے جرمانہ — ہمارے ہاں کب ہوگا؟
دبئی کے حکام نے رمضان کے دوران غیر قانونی قیمتوں اور ذخیرہ اندوزی پر سخت کارروائی کا اعلان کر دیا

دبئی میں رمضان المبارک کے موقع پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ناجائز اضافہ اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے تاجروں کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکام نے واضح کر دیا ہے کہ مقدس مہینے میں صارفین کا استحصال ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق دبئی کی کنزیومر پروٹیکشن اتھارٹیز نے مارکیٹس اور سپر اسٹورز کے دورے شروع کر دیے ہیں تاکہ سرکاری نرخ ناموں کی پابندی یقینی بنائی جا سکے۔ دکانداروں کو وارننگ جاری کی گئی ہے کہ وہ منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں۔
اگر کسی تاجر نے قیمتوں میں غیر قانونی اضافہ کیا یا صارفین کو گمراہ کرنے کی کوشش کی تو اس پر ایک لاکھ درہم (تقریباً 76 لاکھ پاکستانی روپے) تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے کاروبار کو عارضی طور پر بند بھی کیا جا سکتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ رمضان میں طلب بڑھنے کی وجہ سے بعض عناصر ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں، اس لیے قبل از وقت سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مارکیٹ میں استحکام اور شفافیت برقرار رہے۔
پاکستانی صارفین کے لیے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ ہمارے ہاں کبھی ایسا سخت قانون نافذ ہوگا؟ یا پھر مافیاز ہمیشہ کی طرح مارکیٹ پر قابض رہیں گے؟
رپورٹ: عبدالمومن



