قومیہزارہ

سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت کمسن حسنین کی موت کی شفاف تحقیقات کیلئے تفصیلی اجلاس

ایبٹ آباد میں ہزارہ ایکشن کمیٹی اور انکوائری حکام کی شرکت، ملوث عناصر کیخلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت کمسن بچے حسنین کی المناک موت کے واقعے کی تحقیقات کے حوالے سے ایک تفصیلی اور اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا مقصد واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لینا، شواہد کو محفوظ بنانا اور شفاف و غیر جانبدار انکوائری کے طریقہ کار کو حتمی شکل دینا تھا تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

 

اجلاس میں ہزارہ ایکشن کمیٹی کی سب کمیٹی کے اراکین، اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد، متعلقہ محکموں کے نمائندگان اور انکوائری کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔ شرکاء نے واقعے کے محرکات، ذمہ داران کے تعین، عینی شاہدین کے بیانات، اور دستیاب شواہد کے قانونی پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تحقیقات کے دوران کسی بھی قسم کے دباؤ یا اثر و رسوخ کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور تمام کارروائی قانون کے مطابق آگے بڑھائی جائے گی۔

 

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ واقعے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تحقیقات کا عمل تیز، مؤثر اور میرٹ پر مکمل کیا جائے جبکہ رپورٹ مقررہ وقت میں پیش کی جائے۔

 

انہوں نے دلخراش واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور یقین دہانی کرائی کہ ملوث عناصر کو کسی بھی صورت قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ذمہ دار افراد کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ نہ صرف انصاف ہو بلکہ معاشرے میں قانون کی عملداری پر عوام کا اعتماد بھی بحال رہے۔

 

اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تحقیقات کے تمام مراحل مکمل شفافیت کے ساتھ مکمل کئے جائیں گے اور پیش رفت سے عوام کو آگاہ رکھا جائے گا تاکہ کسی قسم کی افواہوں اور غلط فہمیوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے

رپورٹ: عبدالمومن

متعلقہ آرٹیکل

Back to top button