خضدار میں اسکول بس پر خودکش حملہ، 8 بچوں سمیت 10 افراد شہید
آرمی پبلک اسکول کے طلبہ کو لے جانے والی بس نشانہ بنی، 39 بچوں سمیت 53 افراد زخمی

بلوچستان کے ضلع خضدار میں 21 مئی 2025 کو ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں آرمی پبلک اسکول کے طلبہ کو لے جانے والی بس کو خودکش حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ حملہ صبح تقریباً 7 بج کر 40 منٹ پر اُس وقت ہوا جب ایک خودکش بمبار نے بارودی مواد سے بھری گاڑی بس سے ٹکرا دی۔
دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد شہید ہو گئے، جن میں 8 کمسن طلبہ، بس ڈرائیور اور کنڈکٹر شامل ہیں۔ واقعے میں 53 افراد زخمی ہوئے، جن میں 39 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔
دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ بس کو شدید نقصان پہنچا اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سیکیورٹی اور ریسکیو ادارے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ خودکش حملہ آور دھماکے میں ہلاک ہو گیا۔
حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں، جبکہ اس بزدلانہ حملے کی ملک بھر میں شدید مذمت کی جا رہی ہے۔ تعلیمی اداروں اور بچوں کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف سنگین جرم قرار دیا جا رہا ہے۔
— عبدالمؤمن



